بنگلورو۔28؍ جولائی(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے دعویٰ کیا کہ ریاستی عوام کیلئے آنے والے اسمبلی انتخابات میں جنتادل (ایس) کو اقتدار پر لانا ناگزیر ہوچکا ہے، کیونکہ دونوں قومی سیاسی جماعتیں کانگریس اور بی جے پی عوام کے مفادات کی حفاظت کرنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہیں۔
اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کانگریس اور بی جے پی نے ترقی کے نام پر ہمیشہ ریاستی عوام کو گمراہ کیا ہے، جبکہ جنتادل (ایس) نے اپنے مختصر دور اقتدار میں ہی سہی کئی ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا ہے۔ان حالات کو دیکھ کر ریاستی عوام نے من بنالیا ہے کہ اس بار جنتادل (ایس)کو ایک موقع ضرور دیاجانا چاہئے ۔ ریاست میں ایسا ماحول بھی بنتا جارہا ہے کہ عوام میں یہ تاثر قائم ہوا ہے کہ کانگریس کے دوراقتدار کے مقابل جنتادل (ایس) ہی بہتر تھی۔ اس صورتحال کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی جے ڈی ایس کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے کسان سنگین مشکلات کا شکار ہیں۔ قرضوں کے بوجھ تلے پوری طرح دب چکے ہیں، سینکڑوں کسانوں نے قرضہ ادانہ ہونے پر تنگ آکر خود کشی کرلی، لیکن کانگریس اور بی جے پی کو آپسی جھگڑوں اور گندی سیاست کے علاوہ ان کسانوں کے مفادات کے تحفظ میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔