بنگلورو،28 /نومبر(آئی این ایس انڈیا)کرناٹک کے وزیر اعلی بی ایس یدیورپا کے سیاسی سکریٹری این آر سنتوش نے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کی ہے جس کو لے کر کانگریس نے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
پارٹی کے سربراہ ڈی کے شیوکمار نے سرسی میں اپنے دورہ میں اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سنسنی خیز دعویٰ کیا اور کہا کہ ان کی معلومات کے مطابق وزیراعلیٰ کے پولیٹیکل سکریٹری این آر سنتوش نے ایک ایم ایل سی اور ایک وزیر کو ایک خفیہ ویڈیو شیئر کی ہے۔ وہ ایم ایل سی اور وزیر وزیر اعلی اور حکومت میں قائدین دونوں کو بلیک میل کررہے تھے۔ یہ گزشتہ کئی مہینوں سے چل رہاہے۔ بعد میں یہ بات بی جے پی کے ہائی کمان اور رہنماؤں تک پہنچ گئی ۔ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ وزیر اعلی کے پولیٹیکل سکریٹری کے ذریعہ خود کشی کی کوشش کرنا کوئی چھوٹی بات نہیں ہے۔ اس کی صحیح طریقے سے تحقیقات کی ضرورت ہے لیکن یہ تحقیقات ریاستی حکومت کو نہیں کرنی چاہئے۔
سنتوش کو مبینہ طور پر خود کشی کی کوشش کے بعد اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ انہیں بنگلورو کے رامائیا میموریل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس نے نیند کی گولیاں کھا کر خود کو مارنے کی کوشش کی۔
یدیورپا نے اسپتال کا دورہ کیا اور سنتوش کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ اس کے کنبہ کے افراد نے اس کے بارے میں معلومات دی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ سنتوش کی صحت یابی کے بعد وہ ان سے اور ان کے کنبہ کے افراد سے بات کریں گے۔ وزیراعلیٰ یدیورپا کے سکریٹری کو ڈالرس کالونی رہائش گاہ پر بے ہوش ہونے کے بعد اس کے اہل خانہ انہیں اسپتال لے آئے۔
پولیس بھی واقعے کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق وزیر اعلی کے کچھ لوگوں سے مبینہ اختلافات کی وجہ سے وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے سکتے ہیں۔