بنگلورو۔28؍ جولائی(ایس او نیوز) آج برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی کونسل میٹنگ میں سابق وزیراعلیٰ آنجہانی دھرم سنگھ اور اسرو کے سابق چیرمین پروفیسر یو آر راؤ کی موت پر تعزیت ادا کی گئی۔ آج جیسے ہی میٹنگ شروع ہوئی کونسل کے لیڈر محمد رضوان نواب نے تعزیتی قرار داد پیش کی ، دھرم سنگھ اور یوآر راؤ کی خدمات کا تذکرہ کیا۔ اپوزیشن لیڈر پدمانابھا ریڈی نے ان کی قرار داد سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ دھرم سنگھ نے بحیثیت وزیر اعلیٰ اور مختلف قلمدانوں پر کابینہ وزیر کے طور پر بہترین خدمات انجام دی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ دھرم سنگھ کی سیاسی زندگی آنے والی نسل کیلئے ایک مشعل راہ ہوگی۔ پروفیسر یو آر راؤ کو بین الاقوامی سطح پر قابل تقلید خلائی سائنس دان قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بیشمار صلاحیتوں کے حامل پروفیسر یو آر راؤ ملک کے خلائی پروگرام کو غیر معمولی بلندیوں پر لے جانے میں کامیاب رہے۔ میئر پدماوتی نے دھرم سنگھ کو ایک مقبول عام سیاسی رہنما قرار دیا۔ اس کے علاوہ کانگریس کے گنا شیکھر، منجوناتھ ریڈی، موہن راج ،سمپت راج ، بی جے پی کے امیش شٹی اور دیگر کارپوریٹروں نے بھی اپنے خیالات ظاہر کئے۔