ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک کے رام نگر میں خوفناک سڑک حادثہ، چار کی موقع پر موت

کرناٹک کے رام نگر میں خوفناک سڑک حادثہ، چار کی موقع پر موت

Wed, 18 Sep 2024 12:30:38    S.O. News Service

بینگلور، 18/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)   رام نگر ضلع کے کڈور ہوبلی نیشنل ہائی وے پر پیش آئے ایک بھیانک سڑک حادثہ میں  ایک ہی خاندان کے تین افراد سمیت چار لوگ اُس وقت ہلاک ہو گئے، جب ایک کار جن پر یہ لوگ سوار تھے، نیشنل ہائی وے کنارے واقع ایک درخت سے ٹکراگئی۔  حادثہ  منگل شام کو  پیش آیا۔

پولیس  ذرائع کے مطابق، بنگلورو سے 57 کلومیٹر دور کڈور ہوبلی کے قریب اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت 56 سالہ ننجونڈپا (کار ڈرائیور)، ان کی اہلیہ 50 سالہ شاردمّا، ان کی والدہ 80 سالہ بھدرماّ، اور 54 سالہ دوست ناگراج کے طور پر کی گئی ہے۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ یہ چاروں بنگلورو کے باگل گنٹے میں رہائش پذیر تھے، مگر ان کا تعلق ضلع ٹمکور کے کُنیگل سے تھا۔ یہ لوگ ماگڈی میں ایک جنازے میں شرکت کے بعد شہر واپس لوٹ رہے تھے جب یہ حادثہ پیش آیا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ بھدرا پور گیٹ پر تیل فیکٹری کے قریب واقع ایک موڑ پر ننجونڈپا کی کار بے قابو ہو گئی اور شام تقریباً ساڑھے چار بجے ایک بڑے پیپل کے درخت سے جا ٹکرائی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار سُکڑ کر کھمبے کی شکل اختیار کر گئی، جبکہ کار میں سوار چاروں افراد موقع پر ہی  ہلاک  ہو گئے۔ ننجونڈپا کی 21 سالہ بیٹی کسوما، جو ایم بی اے کی طالبہ ہیں، شدید زخمی ہو گئی ہیں اور انہیں بنگلورو کے ایک پرائیویٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ننجونڈپا کے دوست کا پیر کو انتقال ہوا تھا اور یہ تمام لوگ اس کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے ماگڈی گئے تھے۔

کڈور پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔


Share: