نئی دہلی30دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)نوٹ بندی کے اعلان کے 50دن مکمل ہونے کے درمیان راہل گاندھی نے وزیر اعظم سے پانچ سوال پوچھے جس میں یہ سوال بھی کیا گیا ہے کہ8 نومبر کو بڑے نوٹوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کرنے کے بعد کتنا کالا دھن ضبط کیا گیا ہے اور اس فیصلے کی وجہ سے کتنا روزگار ختم ہوا ہے۔کانگریس نائب صدر نے ٹوئٹ کرکے وزیر اعظم سے پوچھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ کرنے سے پہلے کن لوگوں سے تبادلہ خیال کیا اور حیرت کا اظہار کیا کہ دانشوران، ماہرین اقتصادیات اور آر بی آئی سے کیوں بات چیت نہیں کی گئی۔راہل گاندھی کا یہ سوال ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کل وزیر اعظم نریندر مودی قوم کوخطاب کرنے والے ہیں۔کانگریس نائب صدر نے یہ جاننا چاہا کہ آٹھ نومبر کی نوٹ بندی کے اعلان سے پہلے 6 ماہ میں کتنے لوگوں نے اکاؤنٹس میں 25لاکھ روپے سے زیادہ جمع کئے۔راہل گاندھی نے کہا کہ نوٹ بندی کے اعلان کے 50دن پورے ہو گئے ہیں، ملک ان پانچ سوالوں پر اپنے جواب کا انتظار کر رہا ہے، مودی جی8نومبر 2016کے بعد کتنا کالا دھن ضبط کیا گیا؟۔ اس فیصلے کی وجہ سے ملک کو کتنا اقتصادی نقصان ہوا اور کتنا روزگار ختم ہوا۔انہوں نے سوال کیا کہ نوٹ بندی کی وجہ سے کتنے لوگوں کی موت ہوئی؟۔ کیا ان لوگوں کو معاوضہ ملا؟ کانگریس نائب صدر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پرسوال کیا کہ نوٹ بندی کو لے کر وزیر اعظم نے کن کن لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا؟۔ 8نومبر 2016کو نوٹ بندی کے فیصلے سے پہلے 6 ماہ میں کن کن لوگوں نے بینک اکاؤنٹس میں 25لاکھ روپے سے زیادہ رقم جمع کی؟۔