بھونیشور، 3 ؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )اڑیسہ کے وزیر اعلی اور بیجو جنتا دل کے صدر نوین پٹنائک نے آج کہا کہ ان کی پارٹی کانگریس کے ساتھ کسی طرح کا اتحاد نہیں کرے گی۔بالیشور ضلع کے سملیا میں ایک پروگرام کے دوران انہوں نے نامہ نگاروں سے کہا کہ کانگریس کے ساتھ اتحاد کرنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔کانگریس پر اڑیسہ کے لوگوں کو ہمیشہ سے نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے پٹنائک نے کہا کہ ان کی پارٹی اپنے بل پر اکیلے چلنا چاہے گی۔وزیر اعلی کی یہ وضاحت، لوک سبھا میں بی جے ڈی کے پارلیمانی پارٹی کے لیڈر مہتاب کے اس بیان کی روشنی میں آیا ہے، جس میں مہتاب نے کہا تھا کہ ان کی پارٹی ضرورت پڑنے پر کانگریس کے ساتھ اتحاد کرنے پر غور کرے گی۔مہتاب نے کل ایک مقامی نیوز چینل سے کہا تھا کہ کانگریس کے معاملے میں یکساں دوری بنائے رکھنے کی پالیسی میں مجھے کوئی تک نظر نہیں آتا کیونکہ یہ قومی پارٹی اب پہلے کی طرح نہیں رہ گئی،ضرورت پڑنے پر بی جے ڈی اپنی پالیسی میں تبدیلی کرے گی۔اگلے سال یوپی اسمبلی انتخابات سے پہلے سماج وادی پارٹی کے لیڈر ملائم سنگھ یادو کی طرف سے مجوزہ مہاگٹھ بندھن میں بی جے ڈی کے کردار کے بارے میں پوچھے جانے پر مہتاب نے کہا تھا کہ سماج وادی پارٹی کوشش مکمل طور پر غلط نہیں ہے۔حکمران بیجو جنتا دل گزشتہ کافی عرصے سے دونوں قومی جماعتوں کانگریس اور بی جے پی کے ساتھ یکساں دوری بنائے ہوئے ہے۔پٹنائک نے کانگریس کو جہاں بدعنوان بتایا تھا، وہیں سال 2009کے عام انتخابات سے پہلے بی جے پی کو فرقہ وارانہ بتا کر اس سے اپنے تعلقات توڑ دیے تھے۔