ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروارڈسٹرکٹ اسپتال میں ڈاکٹروں کی بے پروائی سے زچہ کی موت کا الزام

کاروارڈسٹرکٹ اسپتال میں ڈاکٹروں کی بے پروائی سے زچہ کی موت کا الزام

Thu, 13 Apr 2017 22:23:17    S.O. News Service

کاروار 13؍اپریل (ایس او نیوز)بینگا کے مقیم محبوب اے انعامدار نے الزام لگایا ہے کہ ڈسٹرکٹ اسپتال کے ڈاکٹروں کی بے پروائی کی وجہ سے ان کی بیوی یاسمین کی زچگی کے دوران موت واقع ہوئی ہے۔

اس ضمن میں ضلع ڈپٹی کمشنر کو دی گئی شکایت میں محبوب انعامدار نے بتایا ہے کہ ۸ اپریل کی شام میں ان کی بیوی کو زچگی کے لئے ضلع سول اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔یاسمین وضع حمل کے شدید درد سے تڑپ رہی تھی مگر کوئی بھی ڈاکٹر اس کے علاج کے لئے وہاں موجود نہیں تھا۔اسی دوران ڈاکٹروں کی غیر موجودگی میں ہی اس کی زچگی ہوگئی۔مگر اس کے بعد اسے سخت بخار ہوگیا۔ بار بار رابطہ کرنے کے باوجود کوئی بھی ڈاکٹر اسے دیکھنے اور علاج کے لئے نہیں پہنچا۔دوسرے دن ڈاکٹر آنے کے بعد مریضہ کو آئی سی یو میں لے جایا گیا، مگر معلوم نہیں کہ وہاں کیا ہوا، پندرہ منٹ کے اندر یاسمین کی موت واقع ہوگئی۔

محبوب انعامدار نے اپنی شکایت میں اس معاملے کی تحقیقات کرنے اور خاطی ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


Share: