کاروار، 5 / ستمبر (ایس او نیوز) شہر کے شیرواڑ علاقے میں ایک خاتون کی لاش ملی ہے جو بڑی حد تک جلی ہوئی حالت میں ہے ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق شیرواڑ ریلوے اسٹیشن کے پیچھے بازیافت ہونے والی لاش کی شناخت سنجنا گجانن تلیکر (35 سال) کے طور پر کی گئی ہے۔ اس خاتون کے سر اور پیٹ کا حصہ پوری طرح جلا ہوا ہے ۔ لاش بازیافت ہونے کی اطلاع ملنے پرکاروار دیہی پولیس اسٹیشن کی ٹیم اور ڈاگ اسکواڈ نے جائے وقوع پرپہنچ کر معائنہ کیا ۔ واردات کے مقام پر مٹی کے تیل کا ڈبہ موجود پایا گیا جس سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شائد اس خاتون نے خود کشی کی ہے ۔
اس معاملے میں تفتیش کے لئے پولیس نے سنجنا کے شوہر گجانن کو تحویل میں لیا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سنجنا صبح اپنی بچی کو اسکول میں چھوڑنے کے بعد گھر واپس آئی تھی اور پھر اپنے ساتھ مٹی کے تیل کا ڈبہ لے کر باہر چلی گئی تھی ۔ جب وہاں موجود لوگوں نے اس بارے میں سنجنا سے پوچھا تھا تو اس نے بتایا تھا کہ یہ تیل وہ کسی کو دینے کے لئے جا رہی ہے ۔
آس پاس کے لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے سنجنا ذہنی پریشانی کا شکار تھی ۔ ایک دو مرتبہ وہ رات کے وقت گھر سے باہر بھی بھاگ گئی تھی اور مرنے کی بات کرنے لگی تھی ۔ شوہر نے جب اس کا علاج کروایا تھا تو وہ کچھ ٹھیک ہوگئی تھی ۔ اسی پس منظر میں شبہ کیا جا رہا ہے کہ اس نے خود کشی کی ہوگی ۔
کاروار دیہی پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔