نئی دہلی:16/اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) کیرالہ میں سیلاب کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر ریاست کے لیے امدادتیزکرنے اوراسے جاری رکھنے کویقینی بنانے کے لئے آج بحران کے بندوبست کی قومی کمیٹی این سی ایم سی کی میٹنگ ہوئی۔ وزیراعظم جناب نریندر مودی کی ہدایات پر کابینہ کیسکریٹری جناب پی کے سنہا نے میٹنگ کی صدارت کی، جس میں دفاع، داخلہ، آبی وسائل کی وزارتوں کے سکریٹریوں اور برّی، بحری اور فضائیہ کے سربراہوں کے علاوہ ساحلی گارڈ، قومی آفات کے بندوبست کی فورس این ڈی آر ایف کے ممبر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین، سنٹرل واٹر کمیشن اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ کیرالہ نے بھی ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔ ریاست کے چیف سکریٹری اور ان کی ٹیم نے اس میٹنگ میں حصہ لیا۔ کابینہ سکریٹری نے سیلاب کی صورتحال، تیاریوں، راحت اور بچاؤ کارروائیوں کا جائزہ لیااور انہوں نے ہدایت دی کہ اس بحران سے نمٹنے کے لئے کیرالہ کوفوری اور مسلسل امداد فراہم کی جائے۔ مرکزی حکومت کیرالہ کو پوری طرح مدد دے رہی ہے اور اس نے ریاست میں بڑے پیمانے پر راحت اور بچاؤ کارروائیاں شروع کی ہیں۔ این سی ایم سی کی میٹنگ میں کابینہ کے سکریٹری نے فوج ، فضائیہ اور بحریہ کے علاوہ ساحلی گارڈ، این ڈی آر ایف اور دیگر مرکزی مسلح پولیس فورسیزکی خدمات حاصل کی ہیں اور ہدایت دی ہے کہ راحت اور بچاؤ کارروائیوں کے لئے کیرالہ کو ہر ممکنہ مدد فراہم کی جانی چاہئے۔ کابینہ سکریٹری نے یہ بھی ہدایت کہ پینے کا پانی، کھانے کے خشک پیکٹ اور دودھ کے پاؤڈر کی سپلائی سمیت راحت کا تمام سامان کیرالہ کو دستیاب کرایا جانا چاہئے۔ ملا پیریار ڈیم میں پانی کے ذخائر کے مناسب بندوبست کے لئے کابینہ سکریٹری نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے ، جس کی صدارت سنٹرل واٹر کمیشن کے چیئرمین اور تمل ناڈوو کیرالہ کے انجینئر اِن چیف کے ذریعے کی گئی۔اب تک این ڈی آر ایف کی 18 ٹیمیں انجینئرنگ ٹاسک فورس کی آٹھ ٹیمیں اور9 کالمس ، ساحلی گارڈس کی 22 ٹیمیں، بحریہ کی 24 غو طہ خور ٹیموں کے ساتھ ہیلی کاپٹرس ، طیارے، کشتیاں، سازوسامان، ربڑ کی ٹیوبوں کوراحت اور بچاؤ کارروائیوں کے ساتھ ساتھ پھنسے ہوئے لوگوں کو بحفاظت نکالنے کیلئے کیرالہ بھیجا گیا ہے۔ خصوصی میڈیکل کیمپوں کے قیام کے علاوہ این ڈی آر ایف فوج اور بحریہ کی طرف سے بھی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔اب تک 2182 افراد کو بچا لیا گیا ہے اور این ڈی آر ایف فوج اور بحریہ کی بروقت کارروائی کے ذریعے 968 پھنسے ہوئے لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔این سی ایم سی کی میٹنگ کل پھر ہوگی، جس میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیاجائے گا۔