ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / دبئی : تھمبے میڈیسٹی میں اونٹوں کی صحت، افزائش اور علاج پر بین الاقوامی سیمینار، حیوانات کی صحت کے 12 ماہرین کی تہنیت

دبئی : تھمبے میڈیسٹی میں اونٹوں کی صحت، افزائش اور علاج پر بین الاقوامی سیمینار، حیوانات کی صحت کے 12 ماہرین کی تہنیت

Sun, 18 Oct 2026 16:58:55    S O News
دبئی : تھمبے میڈیسٹی میں اونٹوں کی صحت، افزائش اور علاج پر بین الاقوامی سیمینار، حیوانات کی صحت کے 12 ماہرین کی تہنیت

دبئی ، 18/ اکتوبر (ایس او نیوز) متحدہ عرب امارات میں اونٹوں کی صحت، افزائش نسل، جراحی اور بحالی کے شعبوں میں جدید سائنسی تحقیق اور طبی مہارتوں کو فروغ دینے کے مقصد سے تھمبے کالج آف ویٹرنری میڈیسن اور گلف میڈیکل یونیورسٹی کے اشتراک سے امارات کے عجمان میں  قائم  تھمبے میڈیسٹی میں ’’ایڈوانسز اِن کیمل سائنس‘‘ کے عنوان سے ایک بین الاقوامی سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں سائنس دانوں، ویٹرنری ڈاکٹروں اور صنعت سے وابستہ ماہرین نے شرکت کرتے ہوئے اونٹوں کی صحت اور ان کی دیکھ بھال کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

دبئی کیمل ہاسپٹل اور دبئی کیمل ری پروڈکشن سینٹر کے اشتراک سے منعقدہ اس سیمینار میں  عجمان کے حکمران کے دیوان کے چیئرمین عزت مآب شیخ ڈاکٹر ماجد بن سعید النعیمی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ تھمبے گروپ کے بانی صدر ڈاکٹر تھمبے  محی الدین  بھی اس موقع پر موجود تھے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات اور خلیجی خطے میں اونٹ محض ایک جانور نہیں بلکہ یہاں کی تہذیب، ثقافت اور تاریخی ورثے کا اہم حصہ ہے۔ ماضی میں اونٹ تجارتی راستوں پر سامان کی نقل و حمل کا ایک بنیادی ذریعہ رہا ہے، جبکہ موجودہ دور میں اونٹوں کی دوڑ، اونٹنی کے دودھ کی پیداوار، سیاحت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں بھی اس کی اہمیت برقرار ہے۔ ایسے میں اونٹوں کی صحت کا تحفظ نہ صرف سائنسی اور طبی ضرورت ہے بلکہ خطے کی ثقافتی وراثت کے تحفظ سے بھی جڑا ہوا ہے۔

سیمینار کے دوران ویٹرنری معالجین، محققین، افزائش نسل کے ماہرین، سرجنوں اور بحالی کے شعبے سے وابستہ ماہرین نے اپنے عملی تجربات اور تحقیقی مشاہدات پیش کیے۔ اس موقع پر میدانِ عمل، تجربہ گاہوں اور فارموں میں اونٹوں کی دیکھ بھال کے دوران پیش آنے والے مختلف مسائل، جدید علاج کے طریقوں اور طبی سہولتوں میں بہتری کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیمینار میں طلبہ اور ویٹرنری شعبے سے وابستہ نوجوان ماہرین نے بھی شرکت کی اور تجربہ کار ماہرین سے سیکھنے کا موقع حاصل کیا۔

اس تقریب کی ایک اہم خصوصیت حیوانات کی صحت اور ویٹرنری سائنس کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی 12 شخصیات کی تہنیت تھی۔ حکومت، تحقیقی تجربہ گاہوں، اونٹوں اور گھوڑوں کے اسپتالوں، صنعتی اداروں، قانون نافذ کرنے والے محکموں اور تعلیمی شعبے سے تعلق رکھنے والے ان افراد کی خدمات کا اعتراف کیا گیا، جنہوں نے متحدہ عرب امارات اور دیگر علاقوں میں ویٹرنری سائنس اور حیوانات کی صحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس موقع پر شرکاء کو زیر تعمیر نئے تھمبے ویٹرنری ہاسپٹل سے بھی متعارف کرایا گیا۔ یہ اسپتال انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کی صحت کے شعبے میں بھی معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے تھمبے گروپ کی کوششوں کا حصہ ہوگا۔

سیمینار کے اختتام پر ویٹرنری تعلیم اور تربیت کے حوالے سے دو اہم اعلانات بھی کیے گئے۔ اعلان کے مطابق 10 اور 11 نومبر 2026 کو تھمبے کالج آف ویٹرنری میڈیسن کی جانب سے ’’اینیمل پروفی‘‘ (AnimalProfi) کے عنوان سے ایک بین الاقوامی ویٹرنری کانفرنس منعقد کی جائے گی، جس میں پالتو جانوروں کی بیماریوں اور ان کے علاج سے متعلق امور پر توجہ دی جائے گی۔ اس کانفرنس کا انعقاد گلف میڈیکل یونیورسٹی، نیتا فارم، گوزل یو اے ای و عمان اور زو اِنفارم کے اشتراک سے کیا جائے گا۔

اسی طرح دبئی ایکوائن ہاسپٹل کے اشتراک سے گھوڑوں کی دیکھ بھال اور علاج سے متعلق دو عملی تربیتی سرٹیفکیٹ کورسز بھی متعارف کرائے گئے۔ ان میں ’’ایکوئی ایڈ‘‘ (Equi-Aid) کے تحت گھوڑوں کو ہنگامی حالات میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور ان کی حالت مستحکم کرنے کی تربیت دی جائے گی، جبکہ ’’ہوف پرو‘‘ (Hoof-Pro) کورس میں گھوڑوں کے کھروں کی دیکھ بھال، ان کی عملی تراش خراش اور متعلقہ مہارتوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

تھمبے گروپ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد حیوانات کی صحت کے شعبے میں جدید طبی تعلیم، عملی تربیت اور تحقیقی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینا ہے۔ گروپ گزشتہ تقریباً تین دہائیوں سے طبی تعلیم اور انسانی صحت کی خدمات کے لیے کام کر رہا ہے اور اب اسی تجربے اور مہارت کو جانوروں کی صحت کے شعبے میں بھی وسعت دے رہا ہے۔ اونٹوں کی دیکھ بھال سے لے کر گھروں میں پالے جانے والے جانوروں کے علاج تک، ان کوششوں کے ذریعے ویٹرنری خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور اس شعبے میں ماہر افرادی قوت تیار کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

Click here for report in English


Share: