رائے پور 17 نومبر ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ سکما ضلع میں پولیس ٹیم نے ایک نکسلی کمانڈر سمیت دو انعامی نکسلیوں کو تصادم میں ڈھیر کر دیا ۔ سکما ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھیشیک مینا نے آج ٹیلی فون پر بتایا کہ ضلع کے کوٹا تھانہ علاقہ کے تحت کنہائی پار گاؤں کے جنگل میں پولیس ٹیم نے ملیٹری بٹالین نمبر ایک کے ہیڈ کوارٹر پلاٹون کا کمانڈر سمیت سوڈھی تیتا اور بٹالین کے رکن سوڑھی لکھما کو مار گرایا دونوں کی عمر 28 اور 32 سال کے لگ بھگ ہے۔ مینا نے بتایا کہ کل ڈی جی پی اور ایس ٹی ایف کی مشترکہ ٹیم کو گشت کے لئے جاری کیا گیا تھا۔ جب ٹیم آج کنہائی پار کے جنگل میں تھی تو ماؤنواز نے پولیس فورس پر فائرنگ کی۔ اس کے بعد پولیس ٹیم نے بھی جوابی فائرنگ کی ، کچھ دیر کی فائرنگ کے بعد دو ماؤنواز اس مڈبھیڑ میں ڈھیر ہوگئے اور باقی اپنی جان بچا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ بعد میں جب پولیس ٹیم نے جائے حادثہ کی تلاشی لی تب وہاں سے دو نکسلیوں کی لاش، ایک پستول، ایک وائرلیس سیٹ، موبائل سیٹ ، دھماکہ خیز مواد اور دیگر اشیاء برآمد کی گئی ۔ پولیس افسر نے بتایا کہ مارے گئے نکسلیوں کی شناخت سوڑھی تیتا اور سوڑھی لکھما کے طور پر ہوئی ہے اور ان کے سر پر 10 لاکھ اور آٹھ لاکھ روپے انعام بھی مقرر تھا ۔ افسر نے بتایا کہ جائے حادثہ میں بھاری مقدار میں خون کے نشانات بھی پائے گئے ہیں جس سے امکان ہے کہ نکسل دہشت گردوں کوبھاری نقصان پہنچا ہے ۔اس خطہ میں نکسل دہشت گردانہ کاروائیوں کے خلاف مہم اپنے شباب پر ہے ، انتظامیہ اس ہلاکت کو بڑی کامیابی قرار دے رہی ہے ۔