ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پیرس اولمپک 2024: تمغوں کی ہیٹرک نہیں لگا پائیں منو بھاکر، 25 ایم پسٹل نشانہ بازی میں ایک قدم رہ گئیں پیچھے

پیرس اولمپک 2024: تمغوں کی ہیٹرک نہیں لگا پائیں منو بھاکر، 25 ایم پسٹل نشانہ بازی میں ایک قدم رہ گئیں پیچھے

Sat, 03 Aug 2024 17:12:27    S.O. News Service

پیرس، 3/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) ہندوستان کی خاتون شوٹر منو بھاکر کے لیے پیرس اولمپک 2024 میں آج کا دن انتہائی اہم تھا، لیکن وہ تاریخ رقم کرنے سے ایک قدم پیچھے رہ گئیں۔ پیرس اولمپک میں اب تک دو تمغے حاصل کر چکیں منو بھاکر کے پاس تمغوں کی ہیٹرک لگانے کا موقع تھا، لیکن وہ 25 میٹر پسٹل کے فائنل مقابلہ میں چوتھا مقام ہی حاصل کر پائیں۔ یعنی ایک مقام پیچھے رہ گئیں، ورنہ وہ برانز میڈل حاصل کر سکتی تھیں۔

خواتین کے 25 ایم پسٹل مقابلہ میں مجموعی طور پر 10 سیریز کے شاٹس لگائے جانے تھے۔ ایک سیریز میں مجموعی طور پر 5 شاٹس تھے۔ تین سیریز کے بعد ایلمنیشن کا دور شروع ہو گیا تھا۔ یعنی دھیرے دھیرے کر کے کھلاڑی باہر ہونے لگے۔ منو 8 سیریز کے بعد 28 اسکور کے ساتھ چوتھے مقام پر رہیں۔ یعنی 40 میں سے ان کے 28 شاٹس گرین ہوئے، باقی نشانے پر نہیں لگے۔ آٹھویں سیریز میں منو بھاکر اور ہنگری کی ویرونیکا میجر کے درمیان ٹکر تھا۔ اس سیریز میں منو کے 3 شاٹس نشانے پر نہیں لگے، جبکہ ویرونیکا کے 2 شاٹس نہیں لگے۔ اس طرح ویرونیکا نے بازی مار لی اور تیسرے مقام پر رہتے ہوئے انھیں برانز میڈل ہاتھ لگ گیا۔

اس فائنل مقابلہ میں جنوبی کوریا کی جِن یانگ نے طلائی تمغہ اور فرانس کی کیملی نے چاندی کا تمغہ جیتا۔ 10 سیریز کے بعد ان دونوں ہی کھلاڑیوں کا اسکور 37-37 تھا۔ نتیجہ کار دونوں کھلاڑیوں کے درمیان شوٹ آؤٹ ہوا۔ اس شوٹ آؤٹ میں جِن یانگ نے 4 شاٹس نشانے پر لگائے، جبکہ کیملی کا صرف ایک شاٹ نشانے پر لگا۔ اس طرح یانگ بازی مار لے گئیں۔


Share: