لاہور،یکم اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے ان رپورٹوں پر سرکاری طور پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا جس میں کہا جا رہا ہے کہ بی سی سی آئی صدر آئی سی سی کو لکھ کر کہیں گے کہ پاکستان کو کسی بھی آئی سی سی ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے میں ہندوستان کے ساتھ نہیں رکھا جائے۔پی سی بی کے ایک سینئر افسر سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کچھ بھی سرکاری طور پر نہیں ہوا ہے تو اس طرح کی خبروں پر تبصرہ کرنا بیکار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم حالیہ دنوں میں اس طرح کے بیان سن رہے ہیں اور پڑھ رہے ہیں لیکن ہمیں نہیں لگتا کہ اس وقت ان پر رد عمل کرنا ضروری ہے۔بی سی سی آئی صدر اور حکمراں بی جے پی کے سینئر لیڈر انوراگ ٹھاکر نے جمعہ کو کہا تھا کہ بی سی سی آئی آئی سی سی سے کہے گا کہ وہ ہندوستان اور پاکستان کو آئی سی سی کی کسی بھی مقابلے میں ایک گروپ میں نہیں رکھے۔اس سے پہلے ٹھاکر نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے پاکستان سے کسی بھی طرح کے کرکٹ تعلقات کے امکان سے انکار کر دیا تھا۔