جموں،26؍دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جموں و کشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے امید ظاہر کی ہے کہ اگلے سال فروری میں ہونے والے پنچایت انتخابات کے دوران لوگ گولیوں پر ووٹنگ کو ترجیح دیں گے۔محبوبہ نے گورنر این این ووہرا کے ساتھ کل ایک اجلاس کے دوران انہیں 15فروری سے الیکشن کرانے کے حکومت کے فیصلے کے بارے میں مطلع کیا۔محبوبہ نے ٹویٹ کر کہاکہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ جموں و کشمیر میں طویل زیر التواء پنچایتی انتخابات 15فروری 2018 سے کرائے جائیں گے۔ریاست کے لوگوں نے ہمیشہ گولیوں پر ووٹ کو ترجیح دی ہے اور وہ ایسا کرتے رہیں گے۔پنچایت انتخابات گزشتہ سال ہونے تھے لیکن آٹھ جولائی کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کے مارے جانے کے بعد پھیلی بدامنی کی وجہ سے انتخابات نہیں ہو سکے۔اس تشدد میں 86افراد ہلاک ہوئے تھے۔آٹھ اپریل کو سرینگر پارلیمانی حلقہ میں ضمنی انتخابات کے دوران تشدد کے بعد اس سال دوبارہ انتخاب نہیں کرائے جا سکے۔اس تشدد میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے اور اس کی وجہ سے اننت ناگ پارلیمانی سیٹ پر ضمنی انتخاب منسوخ کرنا پڑا تھا۔