ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پریش میستا ہلاکت کے تعلق سے گنگولی میں ہندو تنظیموں کازبردست احتجاج

پریش میستا ہلاکت کے تعلق سے گنگولی میں ہندو تنظیموں کازبردست احتجاج

Tue, 19 Dec 2017 23:10:21    S.O. News Service

گنگولی19؍دسمبر (ایس او نیوز) ایسا لگتا ہے کہ ہوناور کے پریش میستا کی موت کے معاملے کوسرخیوں میں بنائے رکھنے کے لئے احتجاجی مظاہروں کا جو سلسلہ ہندو تنظیموں کی طرف سے شروع کیا گیا ہے وہ جلد رکنے والا نہیں ہے۔کیونکہ ضلع شمالی کینرا میں اس تعلق سے پرتشدد مظاہروں کے بعد پولیس کی سخت کارروائی کی وجہ سے اب اس کا فوکس ضلع اڈپی اور جنوبی کینرا کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔

پریش میستا کی موت کی تحقیقات سی بی آئی کو سونپے جانے کے باوجودمنصفانہ اور غیر جانبدارانہ جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے ہندو تنظیموں اور کونکن کھاروی سماج کی طرف سے ایک دن پہلے کنداپور میں ایک پرامن ریالی نکالی گئی۔ اب ہندو تنظیموں اور کونکن کھاروی سماجی کی طرف سے گنگولی میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیے جانے کی خبر موصول ہوئی ہے۔کہاجاتا ہے کہ احتجاجی جلوس گنگولی فورٹ سے شروع ہوا اوراہم سڑکوں سے گزرتا ہوا تراسی تک پہنچا۔پھر کوڈاپاڈی میدان میں احجاجی جلسہ منعقد کیا گیا۔ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرتے ہوئے مہلوک پریش میستا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ مظاہرین نے جو پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اس میں مذمت، نفرت اوردھمکی آمیز نعرے اور فقرے درج تھے۔

مظاہرین نے کانگریس اور وزیر اعلیٰ سدارامیا کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پریش میستا ہلاکت کی تحقیقات میں تاخیر کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ یہ الزام بھی لگایا گیا کہ حکومت خود ہندو رضاکاروں کو قتل کرنے کی ترغیب دے رہی ہے۔آر ایس ایس لیڈر روی راج کڈبا نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ہندوؤں کے قاتلوں کو حکومت براہ راست حمایت فراہم کررہی ہے۔پریش میستا کے قتل کے بعد قاتل تلواریں لے کر گھوم رہے تھے اور پولیس افسران نے خاموشی اختیار کرلی تھی۔پولیس والوں نے ہی خود اپنی گاڑیوں کو نقصان پہنچا کر اسے فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی ہے۔

تحصیلدار کی معرفت گورنر کو میمورنڈم بھیجا گیا جس میں اس معاملے کو این آئی اے کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔احتجاجی مظاہرے کے دوران گنگولی شہر میں مکمل بند کا سا عالم تھا۔ پولیس نے سخت حفاظتی بندوبست کررکھاتھا۔


Share: