ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / پرکاش راج دہلی میں عام آدمی پارٹی کے امیدواروں کے لیے انتخابی مہم چلائیں گے

پرکاش راج دہلی میں عام آدمی پارٹی کے امیدواروں کے لیے انتخابی مہم چلائیں گے

Sun, 05 May 2019 00:26:41  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی:04 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) مشہور فلم اداکارپرکاش راج دہلی میں عام آدمی پارٹی  کے امیدواروں کے لیے ہفتہ سے انتخابی مہم چلائیں گے۔ عاپ  کی دہلی یونٹ کے کنوینر گوپال رائے نے بتایا  کہ پرکاش راج اس سلسلے میں پہلی ریلی سے شمال مشرقی لوک سبھا علاقے کے بابرپور میں خطاب کریں گے۔

رائے نے بتایا  کہ دہلی میں 12 مئی کو ہونے والے پولنگ سے پہلے پرکاش راج تمام سات لوک سبھا سیٹوں پر تشہیر کریں گے اور  شمال مشرقی لوک سبھا حلقہ سے عام آدمی پارٹی  کے امیدوار دلیپ پانڈے کے حق میں ہفتہ کو تشہیر کرنے کے بعد اتوار کو پرکاش راج نئی دہلی لوک سبھا حلقہ سے پارٹی امیدوار برجیش گوئل کے ساتھ روڈ شو کریں گے۔اس دن وہ مشرقی دہلی کے علاقے میں تین عوامی جلسوں سے بھی خطاب کریں گے۔

مشرقی دہلی میں عام آدمی پارٹی نے آتشی کوامیدوار بنایا ہے۔رائے نے بتایا کہ پرکاش راج چھ مئی کو چاندنی چوک سے عآپ کے امیدوار پنکج گپتا کے ساتھ پیدل مارچ میں حصہ لیں گے۔سات مئی کو کناٹ پلیس میں، آٹھ مئی کو شمال مشرقی دہلی میں اور نو اور دس مئی کو مشرقی دہلی لوک سبھا حلقہ  میں ان کے انتخابی جلسے مقررکیے گئے ہیں۔فلمی دنیاکی دیگرمشہورشخصیات کوتشہیرمیں لانے کے سوال پر رائے نے کہا کہ فلم ہی نہیں دیگر علاقوں کے اہم لوگ بھی انتخابی مہم میں شامل ہوں گے۔انہوں نے ان میں سے کسی کا نام اجاگر کرنے سے انکار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا پروگرام طے کیا جا رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ پرکاش راج بنگلور وسطی سیٹ سے آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔عآپ سمیت دیگر جماعتوں نے انہیں انتخابات میں اپنی حمایت دی ہے۔اس دوران پرکاش راج نے بی جے پی اور کانگریس پر انتخابات کو دھندہ بنانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان دونوں قومی پارٹیوں کی وجہ سے ہی انتخابات بدعنوانی کی جڑبن گیاہے۔


Share: