نئی دہلی:16/مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پانچ ریاستوں میں جنوری سے نافذ انتخابی ضابطہ اخلاق نئی اسمبلی کی تشکیل کے ساتھ ہی اٹھالیا گیاہے۔اتر پردیش، اتراکھنڈ، گوا، پنجاب اور منی پور کے چیف سکریٹریوں اور حکام کو بھیجے گئے خط میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ نئے اسمبلیوں کی تشکیل کے بعد انتخابی ضابطہ اخلاق فوری طور پر بے اثر ہو گیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے مہیا کرائے گئے اعداد و شمار کے مطابق، 4 /جنوری سے 2 /مارچ کے درمیان مرکزی حکومت کی جانب سے اسے انتخابی ضابطہ اخلاق کے دوران منظوری کے لیے 179تجاویز ملیں۔ان میں سے 24تجاویز کو اسی دن منظوری دے دی گئی، جبکہ 34تجاویز کو ایک دن کے اندر اور 39کو دو دن کے اندر منظوری دی گئی۔صرف 29تجاویز میں تفصیلی معلومات کی ضرورت تھی، اسی وجہ سے ان کی منظوری میں 5 دن یا زیادہ کا وقت لگا۔ان میں سے ایک مرکزی بجٹ کو 28/فروری کی جگہ پہلے پیش کرنے کی تجویزتھی۔