نئی دہلی،24؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)وڈیو کون ٹیلی ٹیلی کمیونیکیشن 2 جی اسپیکٹرم الاٹمنٹ معاملے میں تمام ملزمان کو بری کیے جانے کے بعد حکومت کے خلاف 10 ہزار کروڑ روپے کا ہتک عزت معاوضہ دعوی کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔کمپنی سے منسلک ذرائع نے اس کی اطلاع دی۔
کمپنی کے سینئر مینجمنٹ کے قریبی ذرائع نے کہاکہ ویڈیوکون ٹیلی کمیونیکیشن حکومت کے خلاف کم از کم 10 ہزار کروڑ روپے کے معاوضہ کا دعوی کرنے کا منصوبہ کر رہی ہے۔نقصان کا اندازہ 10 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کا ہے، کمپنی اسی کا حساب کر رہی ہے۔اس نے کہاکہ کمپنی کو ٹیلی کمیونیکیشن سروس کاروبارکے لیے تقریباََ 25ہزار کروڑ روپے کا قرض لینا پڑا تھا۔ٹیلی کمیونیکیشن لائسنس منسوخ ہونے سے اس کو بہت بڑا مالی خسارہ اٹھانا پڑا۔
قابل ذکر ہے کہ 2 جی معاملے کی سماعت کر رہی خصوصی عدالت نے 2008 کے 2جی موبائل فون سروس لائسنس اور اسپیکٹرم الاٹمنٹ سے جڑے معاملے میں اس وقت کے وزیر مواصلات اے راجا سمیت تمام ملزمان کو 21دسمبر، 2017 کو بری کر دیا ہے۔سپریم کورٹ نے 2012 میں ایک حکم میں راجہ کی مدت کے دوران مختص 122ٹیلی کمیونیکیشن لائسنس منسوخ کر دیا تھا۔ان میں سے 15 لائسنس ویڈیوکون کے تھے۔اس نے ان کے لئے 1500 کروڑ روپے کی ادائیگی کی تھی۔ اس فیصلے کے بعد ویڈیوکون نے نیلامی میں شرکت کی اور نومبر 2012میں اس کو 1800میگاہرٹز (2 جی ) زمرے میں بہار، اتر پردیش (مشرقی)، اتر پردیش (مغربی)، ہریانہ، مدھیہ پردیش اور گجرات کے لئے 2221.44 کروڑ روپے میں لائسنس خریدا تھا۔