نئی دہلی ، 2نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ملک کے بڑے صنعتی گھرانے ٹاٹا گروپ میں جاری ٹاٹا-مستری تنازعہ پر حکومت کی ’قریبی نظر‘ہے۔حکومت کا خیال ہے کہ100ارب ڈالر سے زیادہ کاروبار والے اس گروپ کے تازہ واقعات کا معیشت پر اثر پڑ سکتا ہے۔وزیر مملکت برائے مالیات اجرن رام میگھوال نے آج یہ بات کہی۔میگھوال نے کہا کہ حکومت اس تنازعہ سے الگ رہے گی کیونکہ یہ معاملہ ٹاٹا سنز کا اندرونی معاملہ ہے۔میگھوال کارپوریٹ وزارت کے انچارج وزیر ہیں۔کمپنی تنازعات سے منسلک معاملے اسی وزارت کے تحت آتے ہیں۔میگھوال نے کہا ’حکومت کا اس معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔‘انہوں نے کہا کہ ٹاٹا گروپ 100ارب ڈالر سے زیادہ کا گروپ ہے اور ان واقعات کا معیشت پر اثر پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہا، ’ہم قریب سے نظر رکھے ہوئے ہیں۔میڈیا میں جو کچھ آ رہا ہے اور ہمارے ذرائع سے جو معلومات مل رہی ہے، اس کی بنیاد پر ہم نظر رکھے ہوئے ہیں۔‘انہوں نے مزید کہا یہ معاملہ ابھی تک کارپوریٹ وزارت میں نہیں آیا ہے۔‘وزارت میں تحریری طور پر کچھ نہیں آیا ہے۔‘ انہوں نے کہا:ٹاٹا گروپ کافی بڑا گروپ ہے اور یہ فطری ہے کہ اس کا معیشت پر اثر پڑے گا،تاہم، ابھی تک فکر کی کوئی بات نہیں ہے،گھبرانے والی کوئی بات نہیں ہے۔‘