وشاکھاپٹنم، 27؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو نے سیلاب سے متاثرہ آندھرا پردیش کے گنٹور ضلع کا آج ہوائی سروے کیا۔انہوں نے ایک ہیلی کاپٹر سے وجے واڑہ سے پرواز بھری اور پڑوسی ضلع کے کئی مقامات کا ہوائی سروے کیا۔انہوں نے سیلاب کی وجہ سے فصلوں اور ریل پٹریوں کو ہوئے نقصان کا معائنہ کیا۔بعد میں، شہری ترقیات اور پارلیمانی امور کے وزیر نے گنٹور میں افسر ان سے بات چیت کی اور حال میں بھاری بارش اور سیلاب کی وجہ سے ہوئے نقصان کی تفصیلی معلومات لی۔گزشتہ ہفتے گنٹور میں بھاری بارش اور سیلاب نے ریل اور روڈ ٹرانسپورٹ میں رکاوٹ پیدا کر دی تھی جس کے بعد امدادی کام کے لیے این ڈی آر ایف کی ٹیم کو بچاؤ اور ریسکیوآپریشن میں لگایا گیا تھا۔22؍ستمبر کو سیلاب اور بھاری بارش کی وجہ سے ضلع میں مختلف مقامات پر کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔اس درمیان وشاکھاپٹنم میں سیلاب سے متاثرہ علاقے سے تقریبا 10000سے زیادہ خاندان محفوظ مقامات کی طرف چلے گئے ہیں۔وشاکھاپٹنم کے کلکٹر پروین کمار نے آج بتایا کہ گزشتہ تین دنوں میں بھاری بارش کی وجہ سے ضلع کے کئی گاؤں اور ڈویژن کے نچلے علاقے ڈوب گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سیلاب کی وجہ سے ضلع کے 33ڈویژن کے 101گاؤں میں 3430ہیکٹر سے زیادہ زمین متاثر ہوئی اور تقریبا 10000سے زیادہ خاندان ضلع پریشد اور میونسپل کارپوریشن کے اسکولوں جیسے محفوظ مقامات کی طرف جا چکے ہیں۔ضلع کنٹرول روم کے حکام نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ تین دنوں میں بھاری بارش کی وجہ سے ضلع میں کسی جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ملی ہے۔