ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ویتنام: شدید سیلاب سے 3 افراد جاں بحق، 10 ہزار سے زیادہ افراد محفوظ مقامات پر منتقل

ویتنام: شدید سیلاب سے 3 افراد جاں بحق، 10 ہزار سے زیادہ افراد محفوظ مقامات پر منتقل

Tue, 24 Sep 2024 18:16:30    S.O. News Service

ہنوئی ، 24/ستمبر (ایس او نیوز  /ایجنسی)منگل کے روز ویتنام کے ڈیزاسٹر حکام نے اعلان کیا کہ شدید سیلاب کے باعث ملک میں 3 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ 10 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ اس مہینے کے آغاز میں طوفان یاگی نے ویتنام کے شمالی علاقوں میں شدید نقصان پہنچایا تھا، جس کے نتیجے میں تقریباً 300 افراد جان سے گئے اور 1.6 بلین ڈالر کا مالی نقصان ہوا۔ تاہم، طوفان یاگی کے بعد شمالی علاقوں سے سیلابی پانی کے خاتمے سے پہلے ہی گزشتہ ہفتے مرکزی ویتنام کو ایک اور شدید طوفان کا سامنا کرنا پڑا، جس نے موسلادھار بارش کا باعث بنتے ہوئے متعدد دریاؤں میں پانی کی سطح کو خطرناک حد تک بڑھا دیا۔

ویتنام کے صوبے نگھےمیں سیلاب میں بہنے کے سبب۳؍ اموات درج کی گئی ہیں۔ویتنام کی وزارت زراعت نے کہا ہے کہ سنیچر سے اب تک 320 گھر وں کو نقصان ہوا ہے جبکہ 6 ہزار 300 ہیکٹر کی فصل تباہ ہوچکی ہے۔ تقریباً 40 اسکولوں کی عمارتیں زیر آب ہوگئی ہیں یا  انہیں نقصان پہنچا ہے۔ 

شمالی تھائی لینڈ کے رہائشی علاقے لیمپینگ میں بارش سے متعلقہ حادثات کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ ایک ہزار500 گھر متاثر ہوئے ہیں۔ تھائی لینڈ کے حکام نےدریائے وانگ کے کنارے رہنے والے لوگوں سے بھی محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی ہے۔شمالی تھائی لینڈ ، میانمار اور لاؤس بھی طوفان یاگی کے سبب بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ اب تک شمالی تھائی لینڈ، میانمار اور لاؤس میں طوفان کے سبب 702اموات درج کی گئی ہیں۔ میانمار طوفان سے سب سےزیادہ متاثر ہوا تھا۔ میانمار میں 384 جبکہ ویتنام میں 299 اموات درج کی گئی تھیں۔ سیو دی چلڈرن کی ایک رپورٹ کے مطابق ویتنام اور تھائی لینڈ میں ستمبر کے آغاز میں تقریباً ایک ہزار اسکولوں کو نقصان پہنچا تھا جس کے سبب کئی بچے تعلیم سے محروم ہوئے تھے۔آج ویتنام میںکئی کسانوں کو اپنے کھیتوں میں دیکھا گیا وہ طوفان میں تباہ ہونے کے بعد باقی ماندہ فصلوں کی حفاظت کی کوشش کررہے تھے۔ 60 سالہ دین تھی دھو نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ’’ہم تقریباً اپنی ساری فصلیں کھوچکے ہیں۔ ہم آج اپنی فصلیں کاٹ رہے ہیں تاکہ جتنا اناج محفوظ کر سکتے ہیں کر لیں۔‘‘


Share: