جلپائی گوڑی،2؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ نے شمالی بنگال میں بچہ اسمگلنگ کیس میں حقیقی قصورواروں کا پتہ لگانے کے لئے سی بی آئی سے جانچ کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔سی آئی ڈی نے مارچ میں شمالی بنگال میں بچہ اسمگلنگ کیس کے سلسلے میں پارٹی کی خاتون اکائی کی لیڈر جوہی چودھری اور بہت سے دوسروں کو گرفتار کیا تھا۔وجے ورگیہ نے کل یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ مغربی بنگال حکومت کو اس معاملے میں بی جے پی لیڈروں کے تعلقات کو ثابت کرنا پڑے گا،اگر وہ نہیں کر سکی تو یہ واضح ہوگا کہ ترنمول حکومت پارٹی رہنماؤں کی تصویر خراب کرنے کے لئے ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ منصفانہ تحقیقات کے لئے سی بی آئی جانچ ضروری ہے۔چودھری کو ریاست میں بی جے پی کی خاتون اکائی کے سیکرٹری کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ان کے والد اور پارٹی صوبہ کمیٹی کے رکن ربندرناتھ چودھری کو بھی ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔وجے ورگیہ نے الزام لگایا کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کے خاندان کے ارکان نے ایک بڑی رقم کی ملکیت حاصل کی اور انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں اس کا ثبوت پیش کریں گے۔انہوں نے دعوی کیا کہ ریاستی حکومت ووٹ بینک کی سیاست کر رہی ہے اور اس مقصد کے لئے پولیس کا استعمال کر رہی ہے۔