نئی دہلی، 18/اپریل (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)قومی بینکوں سے لیا گیا 9000کروڑ روپے کا قرض ادا کیے بغیر ملک چھوڑ کر فرارہو جانے والے شراب کاروباری وجے مالیا کو منگل کی صبح لندن میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کی طرف سے گرفتار کرلیے جانے کی خبر ہے۔بتایا گیا ہے کہ انہیں ویسٹ منسٹر کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔غور طلب ہے کہ منی لانڈرنگ کا الزام جھیل رہے وجے مالیا کی حوالگی کے لیے ہندوستان نے برطانیہ سے گزارش کی تھی، لیکن فی الحال یہ واضح نہیں ہو پایا ہے کہ انہیں کس سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے۔گزشتہ سال وجے مالیا اس وقت ملک چھوڑ کر جانے میں کامیاب ہو گئے تھے، جب مختلف بینک ان سے قرض کی وصولی کی کوششوں میں لگے ہوئے تھے۔بعد میں حکومت ہند نے وجے مالیا کا پاسپورٹ بھی منسوخ کر دیا تھا، اور اسی بنا پر برطانوی حکومت سے انہیں ہندوستان ڈپورٹ کر دینے کی اپیل کی ہے۔اس کے بعد ہندوستانی وزارت خارجہ کو اطلاع دی گئی کہ ہندوستان کی ڈپورٹیشن درخواست برطانیہ کے قوانین کے تحت کام نہیں کرے گی، کیونکہ برطانیہ میں ایسے لوگوں کو بھی رہنے کی اجازت ہے، جن کے پاسپورٹ صحیح نہیں ہیں۔ بند ہو چکی کنگ فیشر ایر لائنز شروع کرنے والے وجے مالیا پر سی بی آئی نے 1000صفحے کی چارج شیٹ میں دھوکہ دہی اور سازش کے الزامات عائد کئے تھے۔