نئی دہلی، 26؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)نائب صدر حامد انصاری آج نائیجیریا اور مالی کے پانچ روزہ دورے پر روانہ ہو گئے جہاں وہ مغربی افریقہ کے ان دونوں ممالک کی قیادت کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کریں گے اور مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گے۔نائب صدر اپنے نائیجیریائی ہم منصب ییمی اوسن باجو کی دعوت پر وہاں گئے ہیں۔نائیجیریا سے انصاری 29؍ستمبر کو مالی جائیں گے۔اس ملک کا ہندوستان کی جانب سے یہ پہلا اعلی سطحی دورہ ہے۔نائب صدر کے ساتھ ان کی بیوی سلمی انصاری، وزیر مملکت برائے خزانہ ارجن رام میگھوال، ایم پی بھونیشور کالتا، دلیپ کمار ٹرکی اور محمد سلیم بھی ہوں گے۔ابوجا میں انصاری نائیجیریا کے صدر محمد بوہاری، اوسنبجو، سینیٹ کے چیئرمین اورایوان نمائندگان کے صدر سے ملاقات کریں گے۔وہ نائیجیریا کے نیشنل ڈیفنس کالج میں تقریر بھی کریں گے۔وہ لاگوس کے گورنر سے ملاقات کریں گے اور لاگوس یونیورسٹی میں مشترکہ تجارتی فورم سے خطاب کریں گے۔انصاری ابوجا میں ہندوستانی ہائی کمیشن کے چانسری کمپلیکس کا افتتاح کریں گے اور ابوجا اور لاگوس میں ہندوستانی کمیونٹی کے لوگوں سے بات چیت کریں گے۔وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے بتایاکہ نائب صدر کے دورۂ نائیجیریاکا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو اور مضبوطی دینا، دو طرفہ اقتصادی تعلقات میں اور توسیع کرنا اور ان میں تنوع لانا ہے اور مشترکہ مفادات کے معاملات پر شراکت کے نئے راستے اور موقع تلاش کرنا ہے۔مالی میں انصاری صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے اور نیشنل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔نائب صدر کے مالی دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں گہرائی لانا اور تعاون کے نئے شعبوں کو تلاش کرنا ہے تاکہ دو طرفہ تعلقات کو وسعت دی جا سکے اور ان میں تنوع لایا جا سکے۔