نئی دہلی: یکم/ اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ترنمول کانگریس کے سربراہ ممتا بنرجی نے آج کہا کہ وہ وزیر اعظم کے عہدے کی دوڑ میں شامل نہیں ہیں اور وزارت عظمی کے عہدے کے لیے امیدوار تمام اپوزیشن پارٹیاں مل کر چنیں گی۔بنرجی اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے دہلی دورہ کے دوسرے دن کانگریس، ٹی ڈی پی، وائی ایس آر (کانگریس)، ڈی ایم، آر جے ڈی اور جنتا دل (ایس) سمیت مختلف جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور انہیں کولکاتہ میں 19 جنوری کو ہونے والی اپنی ریلی میں شامل ہونے کی دعوت دی۔حیرت کی بات ہے کہ بنرجی نے بی جے پی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی سے بھی ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ اڈوانی کے ساتھ ان کے تعلقات برسوں پرانے ہیں۔شیوسینا لیڈر سنجے راوت بھی بنرجی سے ملنے ترنمول کانگریس کے دفتر میں پہنچے۔ بنرجی نے شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کو بھی 19 جنوری کی ریلی میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔ترنمول سربراہ نے کہا کہ ان کی پہلی ترجیح آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام اپوزیشن پارٹیوں کو متحد کرنے کی ہے ۔انہوں نے نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں کسی عہدے کی دوڑ میں شامل نہیں ہوں۔ میری دلچسپی اس بات کو دیکھنے میں ہے کہ تمام پارٹیاں مل کر کام کریں۔ تمام سیاسی جماعتیں ایک ساتھ بیٹھیں گی اور فیصلہ کریں گی۔ پارلیمنٹ میں آج ترنمول کانگریس کے دفتر میں بنرجی کے پہنچنے کے بعد کافی ہلچل تھی۔ مختلف اپوزیشن جماعتوں کے رہنما ان سے ملنے پہنچے۔انہوں نے کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد اور احمد پٹیل سے بات چیت کی۔ بنرجی نے اڈوانی سے بھی ان چیمبر میں ملاقات کی۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے کہا کہ میں ان سے ملنے گئی اور ان کی صحت کے بارے میں پوچھا۔بی جے پی کے معطل رہنما کیرتی آزاد نے انہیں عظیم رہنما کہہ کر ان کی تعریف کی۔آزاد نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کی ان کا کوشش قابل ستائش ہے۔ترنمول سربراہ کے بعد دیگر اپوزیشن رہنماؤں سے ملنے پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں گئیں اور انہیں ریلی میں شریک ہونے کی دعوت دی۔حکمران این ڈی اے میں اتحادی پارٹی ہونے کے باوجود شیوسینا نے کھل کر مودی حکومت پر تنقید کی ہے۔بنرجی نے جنتا دل (ایس) لیڈر اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا سے بھی ملاقات کی اور انہیں ریلی میں آنے کی دعوت دی۔بنرجی نے رہنماؤں سے تمام اپوزیشن جماعتوں کا وفد آسام بھی بھیجنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ترنمول کانگریس کا وفد جمعرات کو آسام جائے گا، لیکن دیگر جماعتوں کو بھی حکومت پر دباؤ بنانا چاہیے۔بنرجی کے کانگریس صدر راہل گاندھی اور سونیا گاندھی سے بھی ملنے کی امید ہے. وہ انہیں بھی ریلی میں آنے کی دعوت دیں گی۔