بنگلورو، 20 دسمبر(ایس او نیوز)میں نے پی ایف آئی سے انتخابی اخراجات کیلئے 51؍ ہزار روپئے چندہ لیا ہے، اگر واقعی مرکزی حکومت میں دم ہو تو پی ایف آئی اور ایس ڈی پی آئی پر پابندی عائد کرے۔ یہ دعویٰ جگنیش میوانی نے کیا ہے۔گجرات اسمبلی انتخابات میں وڑگائوں اسمبلی حلقہ سے کامیابی حاصل کرنے والے جگنیش میوانی اب پورے ملک میں توجہ کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ دلتوں اور اقلیتوں کے حق میں آواز اٹھانے والے جگنیش نے 20؍ ہزار ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔ آزاد امیدوار کے طور پر کامیابی حاصل کرنے والے جگنیش میوانی نے کنڑا روز نامہ وار تھا بھارتی کو دیئے گئے انٹر ویو میں کہا ہے کہ میں نے اپنی کامیابی کی شرح زیادہ سے زیادہ 5ہزارو وٹوں سے توقع کی تھی ، لیکن 20؍ ہزار ووٹوں سے ملی کامیابی اس بات کی دلیل ہے کہ اب بھی لوگ انصاف پرست ہیں۔ جتنے زیادہ ووٹ مجھے ملے ہیں اُتنی ہی ذمہ داری مجھ پر بڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاردک پٹیل میں اور الپیش کمار ہم تینوں کے ہونے کے باوجود کانگریس کی شکست ہوئی ہے یہ ہمارے لئے افسوس کی بات ہے۔ کرناٹک میں بھی گجرات انتخابات کا اثر ہوگا ، لیکن کرناٹک میں بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑیگا۔ کرناٹک میں اگر انتخابات ہوتے ہیں تو اس کیلئے بیالٹ پیپر کا استعمال کیا جائے تو بی جے پی کی شکست صد فیصد یقینی ہے۔ جگنیش میوانی نے مزید بتایا کہ جس وقت کرناٹک میں انتخابات ہونگے اس دوران میں بی جے پی کو شکست دینے کیلئے کرناٹک میں ہی قیام کرونگا ، میرا اگلا ٹارگیٹ کرناٹک ہی ہے۔