بھٹکل 25؍دسمبر (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ ورکنگ جرنلسٹ ایسو سی ایشن کی سلور جوبلی تقریبات کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی پروفیسرکے ایس نثار احمد نے کہا کہ آج کل اپنی ٹی آر پی (عوام میں مقبولیت) بڑھانے کے لئے میڈیا سماجی صحت کے توازن کو بگاڑنے کا کام انجام دے رہا ہے ۔اس سے صحافت کا وقار اور اعتبارہی داؤ پر لگ گیا ہے۔
گروسدھیندرا کالج کے میدان میں منعقدہ دوروزہ اختتامی اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے پروفیسر نثار احمد نے مزید کہا کہ صحافیوں کو اپنی تنظیموں کے ذریعے دیش کی تعمیری ترقی میں ساتھ دینے کا کام کرنا چاہیے۔ اس وقت ملک میں صحافی اور میڈیا دونوں اپنا مقام کھو رہے ہیں۔ اپنی سماجی ذمہ داریوں کے برخلاف سرگرم ہورہے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کا کردار ہمارے لئے ایک نمونہ ہونا چاہیے۔ صحافیوں کی تنظیموں کو خاموشی کے ساتھ سماج کی قیادت کرنی چاہیے۔ بھٹکل تعلقہ ورکنگ جرنلسٹ ایسو سی ایشن کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا سماج کی تعمیری ترقی کا آغازاسی تنظیم سے ہوجائے تو اچھا ہے۔
پروفیسر نثار احمدنے کہا کہ سلور جوبلی پروگرام کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد اب اس کے اختتامی اجلاس میں بھی مجھے بلایا گیا ہے۔ یہاں کے چنبیلی کے پھول، لوگوں کی مروت اور محبتیں اور آداب واخلاق نے خود مجھے بھٹکل والا بنادیا ہے۔ اس لئے آئندہ جتنی مرتبہ بھی مجھے بلا یا جائے گا ، جب تک میں زندہ ہوں یہاں ضرور آتا رہوں گا۔
اس جلسے کی صدارت سلور جوبلی کمیٹی کے اعزازی صدر اور رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے کی۔ انہوں نے اپنے صدارتی خطاب کے دوران ایک اخباری رپورٹ کی بنیاد پر ہی انہوں نے چھوٹے سے قصبے میں پُل تعمیر کرنے کا جو کام انجام دیا تھا اس کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا والے اگر سماجی مسائل کو اجاگر کرتے ہیں تو اس کو حل کرنے میں عوامی نمائندوں کو رہنمائی ملتی ہے۔اور ایسے بہت سے مسائل میڈیا کی وجہ ان کے علم میں آئے ہیں اور انہوں نے اس کو حل کیا ہے۔
جلسے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر ایم ایس منجو ناتھ، تعلقہ پنچایت صدر ایشور بی نائک، نامدھاری سماج کے جنرل سکریٹری اور بی جے پی منڈل صدر راجیش نائک، جالی پٹن پنچایت صدر عبدالرحیم شیخ وغیرہ موجود تھے۔جھنکار میلوڈیز کی ٹیم نے استقبالیہ رقص پیش کیا۔ ورکنگ جرنلسٹ اسو سی ایشن کے صدر رادھا کرشنا بھٹ نے استقبال کیا۔ نائب صدر محمد رضا مانوی نے رپورٹ پیش کی۔ شریدھر شیٹھ نے نظامت کی۔ ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری بھاسکر نائک نے شکریہ ادا کیا۔