لاؤنگ لون،8جون؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)میانمار کے گزشتہ روز سمندر میں گِر کر تباہ ہونے والے طیارے کا ملبہ اور تین لاشیں سمندر سے ملی ہیں۔ تلاش کے کام میں مصروف میانمار بحریہ کے ایک جہاز کو یہ ملبہ ملک کے جنوبی ساحلوں کے قریب ملا۔ میانمار کا فوجی ہوائی جہاز گزشتہ روز سمندر کے اوپر لاپتہ ہو گیا تھا۔ اس طیارے پر فوجیوں، ان کے اہل خانہ اور عملے سمیت 122افراد سوار تھے۔ ایک فوجی بیان کے مطابق جنوبی ساحلی شہر لاؤنگ لون سے قریب 35کلومیٹر کے فاصلے پر سمندر سے دو بالغ افراد اور ایک بچے کی لاش ملی ہے۔ اس کے علاوہ جہاز کا کچھ ملبہ اور لائف جیکٹیں بھی ملی ہیں۔