ممبئی، 18اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا) مہاراشٹر کے وزیرراج کمار بڈولے کا تبصرہ کہ مراٹھا مارچ پیسے کی طاقت کی وجہ سے کامیاب ہو رہا ہے پر بی جے پی کو نشانے پر لیتے ہوئے شیوسینا نے آج کہا کہ حکمراں پارٹی کو یہ واضح کرنا چاہئے کہ کیا اس کے مرکزی لیڈران کی ریلیوں کو اسی طریقے سے منعقد کرایا جاتا ہے۔سماجی انصاف محکمہ سنبھالنے والے بڈولے نے حال ہی میں اورنگ آباد میں ایک پروگرام میں کہا تھا آج کل جو بھی اٹھ کر،احتجاجی مظاہرہ کرکے ریزرویشن کی مانگ کر رہے ہیں، ان کی تحریک میں بھیڑ ہے کیونکہ ان کے پاس زیادہ دولت ہے۔اپنے ترجمان اخبار ’’سامنا‘‘میں لکھے ایک اداریایے میں شیو سینا نے کہا کہ بڈولے نے یہ کہتے ہوئے اپنا تبصرہ واضح کرنے کی کوشش کی ہے کہ وہ صرف خاص طور پر مراٹھاؤں کے بارے میں نہیں بولے بلکہ ریلیوں کی عام صورت حال کے بارے میں بات کر رہے تھے،اگر یہ سچ ہے تو پھر امت شاہ کی ریلیوں کا کیا جو وہ اتر پردیش انتخابی مہم میں بھیڑ لانے کے لئے پسینہ بہا رہے ہیں۔شیو سینا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں کیا جن کے جلسوں میں بھیڑ ہوتی ہے ؟ بی جے پی کو واضح کرنا چاہئے کہ کیا یہ لیڈر لوگوں کو پیسے دیتے ہیں۔