ممبئی، 31؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )جموں کشمیر میں کنٹرول لائن کے قریب ماچھل سیکٹر میں پاکستان کی طرف سے کی گئی جنگ بندی کی خلاف ورزی میں شہید ہوئے جوان نتن سبھاش کولی کو ہزاروں گاؤں والوں نے آج پرنم آنکھوں سے الوداعی دی۔مغربی مہاراشٹر میں سانگلی ضلع کے ددھگاؤں میں آج صبح مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ کولی کی آخری رسومات اداکی گئی ۔ریاست کے وزیر چند رکات پاٹل اور سدابھا ؤ کھوٹے نے دیگر لوگوں کے ساتھ شہید فوجی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔اس سے پہلے، ان کے جسد خاکی کو ان کے گھر لایا گیا اور بعد میں اسے کرم ویر چوک پر رکھا گیا تاکہ لوگ ان کا آخری دیدار کر سکیں۔کولی 28سال کے تھے، وہ 29؍اکتوبر کو شہید ہو گئے تھے۔وہ دیوالی کے بعد اپنے گاؤں آنے کا پروگرام بنا رہے تھے۔کولی کا تعلق میراج تحصیل میں گاؤں ددھگاؤں کے ایک کسان خاندان سے تھا ۔ان کے خاندان میں ان کے والدین سبھاش اور سمن، چھوٹا بھائی، بیوی سمپدااور دو بیٹے دیوراج(4)اور یوراج(2)ہے۔وہ تقریبا چھ ماہ پہلے چھٹی پر گھر آئے تھے اور 5 ؍نومبر کو پھر سے چھٹی پر آنے کا منصوبہ بنا رہے تھے،اہل خانہ بے صبری سے ان کا انتظار کر رہا تھا۔2008میں بی ایس ایف میں جانے سے پہلے کولی دہاڑی مزدور کے طور پر کام کرتے تھے جس سے کہ وہ بارہویں تک کی اپنی تعلیم اور اپنے خاندان کے لیے کچھ ذریعہ معاش حاصل کرسکیں ۔خاندان کے ایک رکن نے بتایا کہ حال ہی میں انہوں نے وین خریدنے میں اپنے بھائی کی مدد کی تھی، تاکہ وہ چھوٹا کاروبار شروع کر سکے۔