ممبئی، 28دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مہاراشٹر ریاستی کانگریس کے صدر اشوک چوہان نے آج کہا کہ ان کی پارٹی نوٹ بندی کے خلاف جنوری کے پہلے ہفتے ریاست گیر تحریک چھیڑے گی کیونکہ عام آدمی کی مشکلات 50دنوں کے بعد بھی بنی ہوئی ہیں۔راج چوہان یہاں کانگریس کے 132ویں یوم تاسیس پر ایک پروگرام میں کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کے بعد 50دن گزر گئے ہیں اور وزیر اعظم کی اس یقین دہانی کے باوجود کہ لوگوں کی مشکلات کم ہوں گی، زمینی حقیقت مختلف نہیں ہے۔وزیر اعظم پر نشانہ لگاتے ہوئے راج چوہان نے کہا کہ انہیں رشوت کے سلسلے میں کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کے سوالات کا جواب دینا چاہئے۔نوٹ بندی کو لے کر گزشتہ دو دنوں میں مودی پر اپناحملہ تیز کرتے ہوئے راہل نے کہا تھا کہ نوٹ بندی بدعنوانی اور کالے دھن پر سرجیکل اسٹرائیک نہیں ہے،جس طرح وزیر اعظم اور ان کے وزیر بتا رہے ہیں، بلکہ یہ اقتصادی لوٹ اورہندستان کے غریبوں پر بمباری ہے۔