پٹنہ،9 ؍اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )آر جے ڈی کے صدر لالوپرساد یادونے بڑے بیٹے تیج پرتاپ پرلگے مٹی گھوٹالے کے الزامات پرپریس کانفرنس کر کے صفائی دی ہے ۔لالویادونے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس پورے معاملے کو بی جے پی کی طرف سے رچی گئی ان کے خاندان کو بدنام کرنے کی سازش قرار دیا۔آر جے ڈی کے صدرلالوپرسادیادواوران کے خاندان پر بی جے پی نے مٹی گھوٹالے کا الزام لگایا ہے۔بی جے پی لیڈر سشیل مودی کا دعویٰٰ ٰہے کہ ان کے پاس اس بات کے پختہ ثبوت موجود ہیں کہ لالو نے وزیر ریل رہتے ہوئے پٹنہ کی ایک زمین کو اپنے قریبی اور آر جے ڈی کے ایم پی پریم گپتا کی کمپنی کے نام کرایا تھا اور بعد میں ان کے خاندان نے اس زمین کا مالکانہ حق لے لیا۔سشیل مودی اس معاملے کی جانچ کے ساتھ ساتھ لالو کے بیٹے تیجسوی یادو اور تیج پرتاپ یادو کو وزیر کے عہدے سے برخاست کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔بات مٹی سے شروع ہوئی اور مال تک پہنچ گئی۔بی جے پی نے پٹنہ کے بیلی روڈ کے اس پلاٹ کی مٹی کو غلط طریقے سے 90لاکھ روپے میں چڑیا گھر کو فروخت کرنے کے معاملے میں لالو کے بیٹے اور وزیرجنگلات تیج پرتاپ یادو پر الزام لگایا تھا ،لیکن اب بی جے پی لیڈر سشیل مودی براہ راست لالو یادو تک پہنچ گئے ہیں۔سشیل مودی نے کہاکہ جب لالو جی ریلوے کے وزیر تھے ،اس وقت انہوں نے رانچی اور پوری کے دو ہوٹل ہرش کوچر نام کے شخص کی کمپنی کو دے دیا اور اس کے بدلے میں پٹنہ کے سگو نا موڑ پر تقریبا 2 ایکڑ زمین لکھوا لی تھی۔سشیل مودی جس زمین کا ذکر کر رہے ہیں وہاں اس وقت بہار کا سب سے بڑا مال بنانے کا کام چل رہا ہے۔الزام ہے کہ 25؍فروری 2005کو اس زمین کی رجسٹری ڈی لائٹ مارکیٹنگ کمپنی کے نام کی گئی۔بی جے پی کے جانب سے جاری جن دستاویزات میں زمین فروخت کرنے والے کے طور پر ہرش کوچر اور ونے کوچر کے نام لکھے ہیں، سشیل مودی کے مطابق یہ وہی لوگ ہیں جنہیں لالو نے ریلوے کے 2ہوٹل دیئے تھے۔سشیل مودی نے کہا ، کیونکہ وہ ریلوے کے وزیر تھے ،خود اپنے نام سے لکھوا نہیں سکتے تھے ،اس لیے پریم گپتا کی کمپنی تھی ڈی لائٹ مارکیٹنگ پرائیویٹ لمیٹڈ، اس کے نام سے وہ 2ایکڑ زمین لکھوا لی گئی۔بی جے پی کا دعوی ہے کہ اس سودے بازی کے وقت لالو کے قریبی اور آر جے ڈی کے ایم پی پریم گپتا ڈی لائٹ مارکیٹنگ کمپنی کے ڈائریکٹر ہوا کرتے تھے۔سشیل مودی کا الزام ہے کہ لالو یادو کے خاندان نے صرف 4لاکھ 20ہزار روپے میں تقریبا 200کروڑ کی زمین پر قبضہ کر لیا۔اس زمین پر مال بنانے کا ٹھیکہ جس کمپنی کو ملا ہے اس کے مالک آر جے ڈی کے ممبر اسمبلی ابو دوجانہ ہیں ، دوجانہ کھل کر لالو یادو کا دفاع کر رہے ہیں۔وہیں آر جے ڈی صدر لالو یادو نے سارے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے خاندان کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔