بریلی، 30نومبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش کے بریلی ضلع میں سوشل میڈیا پرمودی کی قابل اعتراض تصویر ڈالنے کے الزام میں ایک کالج کے منیجر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر ہی وزیر اعظم کا مذاق اڑانے کے سبب ایک پنچایت افسر کو معطل کر دیا گیا۔پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ بی جے پی ضلع صدر رویندر سنگھ راٹھور کی فریدپور کوتوالی میں دی گئی تحریر میں قصبے کے اسٹیشن روڈ رہائشی ڈاکٹر ہری اوم سنگھ پر ایک”وہاٹس ایپ گروپ“پر وزیر اعظم نریندر مودی کی قابل اعتراض تصویر ڈالنے کا الزام لگایا گیا ہے۔معاملے کی تحقیقات کے دوران گروپ کے ایڈمن آدیش تیواری سے بھی پوچھ گچھ کی گئی جس کی بنیاد پر ہری اوم سنگھ کے خلاف کل مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ادھر وہاٹس ایپ پر وزیر اعظم مودی کی تصویر ڈال کر ان کا مذاق اڑانے کولے کر پنچایت افسر حفاظت علی خاں کو معطل کر دیا گیا ہے۔