منڈی، 18اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)وزیر اعظم نریندر مودی نے دہشت گردی کے خلاف فوج کے سرجیکل اسٹرائیک کاموازنہ آج اسرائیلی حکومت ظالمانہ حملوں سے کیا اور کہا کہ ہندوستانی فورسز نے دکھا دیا کہ وہ کسی سے کم نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ان دنوں ملک بھر میں ہماری فوج کی طاقت کی بحث کی جا رہی ہے،ماضی میں ہم سنا کرتے تھے کہ اسرائیل نے یہ کیا ہے،ملک نے دیکھا ہے کہ ہندوستانی فوج کسی سے بھی کم نہیں ہے۔اسرائیل کو فلسطین اوردیگرعرب ممالک پردہشت گردانہ حملوں کے لئے جانا جاتا ہے۔مودی ہماچل پردیش میں ایک ریلی میں بول رہے تھے جہاں انہوں نے تین پن بجلی منصوبوں کا افتتاح کیا۔سرجیکل اسٹرائیک کا مسئلہ سیاسی حلقوں میں بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔کئی اہم پارٹیوں نے اس کی درستگی پربھی سوال اٹھایاہے ۔اپوزیشن الزام لگا رہا ہے کہ بی جے پی اور اس کی حکومت کی طرف سے اس کا استعمال سیاسی فائدہ اٹھانے کے لئے کیا جا رہا ہے۔بی جے پی اس الزام سے انکار کرتی رہی ہے،اس کا کہنا ہے کہ وہ فوج کا حوصلہ بڑھانے اور وزیر اعظم کی مضبوط قوت ارادی کا خاکہ پیش کرنے کے لئے مسئلے کو عوام تک لے جا رہی ہے۔مسلح افواج کی فلاح و بہبود کے تئیں اپنی وابستگی کو اجاگر کرتے ہوئے مودی نے آج کہا کہ ان کی حکومت نے سابق فوجیوں کے لئے ’’ون رینک ون پنشن‘‘کے وعدے کو پورا کیا ہے جو 40سال سے زیادہ عرصے سے لٹکا ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ پیشرو حکومتوں نے صرف وعدے کر لوگوں کو بہکایا اور ان میں سے کچھ نے اس سلسلے میں 200کروڑ سے 500کروڑ روپے تک مختص بھی کئے لیکن اس کے بارے میں کوئی تجزیہ نہیں کیا کہ کتنی لاگت آئے گی اور اسے کس طرح انجام دیا جائے گا۔