ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منی پور میں پھر تشدد، جریبام میں 5 افراد جاں بحق، سوتے ہوئے لوگوں کو گولی مارنے کے بعد تصادم

منی پور میں پھر تشدد، جریبام میں 5 افراد جاں بحق، سوتے ہوئے لوگوں کو گولی مارنے کے بعد تصادم

Sun, 08 Sep 2024 11:58:35    S.O. News Service

منی پور، 8/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) منی پور میں حالات اب تک قابو میں نہیں آئے ہیں۔ مہینوں سے جاری تشدد اب بھی جاری ہے، اور وقتاً فوقتاً حالات کچھ زیادہ ہی کشیدہ ہو جاتے ہیں۔ تازہ معاملہ منی پور کے جریبام ضلع کا ہے جہاں ہفتہ کی صبح تشدد کے واقعات میں 5 لوگوں کی موت ہو گئی۔

ایک پولیس افسر کا کہنا ہے کہ ایک شخص کا اس وقت گولی مار کر قتل کر دیا گیا جب وہ نیند کی آغوش میں تھا۔ اس واقعہ کے بعد ہوئی گولی باری میں 4 مسلح افراد کی موت ہو گئی۔ پولیس افسر کا کہنا ہے کہ شورش پسند ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 5 کلو میٹر دور ایک سنسان جگہ پر تنہا رہنے والے شخص کے گھر میں گھسے اور اس کا گولی مار کر قتل کر دیا۔ اس قتل کے بعد ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 7 کلومیٹر دور پہاڑیوں میں جنگ زدہ طبقات کے مسلح افراد کے درمیان شدید گولی باری ہوئی۔ اس میں تین پہاڑی شورش پسندوں سمیت چار مسلح افراد کی موت ہو گئی۔

اس سے قبل جریبام ضلع میں کوکی اور میتیئی گروپوں کے درمیان ہوئی فائرنگ کے دوران تین افراد کی ہلاکت سے متعلق خبر موصول ہوئی تھی، حالانکہ یہ تعداد اب 5 بتائی جا رہی ہے۔ ہفتہ کے روز یہ حملہ جریبام ضلع کے نونگ سیکپی میں ہوا۔ علاوہ ازیں جمعہ کی شب مشتبہ عسکریت پسندوں نے سابق وزیر اعلیٰ مارمبام کوئیرینگ کے گھر پر راکٹ سے حملہ کیا تھا۔ اس واقعہ میں ایک بزرگ کی موت کی خبر ہے جبکہ 6 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔


Share: