ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منی پور تشدد: کھرگے کا صدر مرمو کو خط، فوری مداخلت کو قرار دیا آئینی ضرورت

منی پور تشدد: کھرگے کا صدر مرمو کو خط، فوری مداخلت کو قرار دیا آئینی ضرورت

Wed, 20 Nov 2024 10:40:29  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 20/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) منی پور میں جاری تازہ تشدد پر کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو ایک خط ارسال کیا، جس میں فوری مداخلت کی اپیل کی گئی ہے۔ کھڑگے نے صدر سے درخواست کی ہے کہ وہ یہ یقینی بنائیں کہ ریاست کے عوام کو امن و سکون کے ساتھ اپنی زندگی گزارنے کا حق ملے اور ان کی عزت و سلامتی کا تحفظ ہو۔

کانگریس صدر کھرگے نے دروپدی مرمو کو 2 صفحات پر مشتمل خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ منی پور حکومت اور مرکزی حکومت گزشتہ 18 ماہ سے ریاست میں نظامِ قانون اور لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ خط میں یہ بھی تذکرہ کیا گیا ہے کہ ریاست میں تشدد کے دوران 300 سے زائد لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔ ان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہاں بگڑتے نظام قانون کے سبب تقریباً ایک لاکھ لوگ داخلی نقل مکانی کا شکار ہوئے ہیں۔ وہ بے گھر ہو گئے ہیں اور مختلف راحتی کیمپوں میں رہنے کے لیے مجبور ہیں۔

خط میں صدر جمہوریہ مرمو سے مخاطب ہوتے ہوئے کھڑگے نے لکھا ہے کہ ’’میں مانتا ہوں کہ عزت مآب صدر جمہوریہ ہند اور ہمارے آئین کے محافظ کی شکل میں یہ آپ کے لیے آئینی طور سے لازمی ہو گیا ہے کہ آپ آئینی جواز کو بنائے رکھیں۔ ساتھ ہی منی پور میں ہمارے اپنے شہریوں کی زندگی اور ملکیتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوراً مداخلت کریں۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا کہ ’’مجھے یقین ہے آپ کے دفتر کی مداخلت کے ذریعہ سے منی پور کے لوگ پھر سے عزت کے ساتھ اپنے گھروں میں امن سے رہیں گے۔‘‘

کھرگے نے اس خط میں منی پور میں بڑھ رہی مہنگائی کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ریاست کی معیشت اور خوردہ مہنگائی 10 فیصد تک بڑھ گئی ہے۔ بے روزگاری کا تذکرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس نے منی پور کے لوگوں کی زندگی کو بے حد مشکل بنا دیا ہے۔ اس سے لوگوں کی ذہنی صحت پر بہت برا اثر پڑا ہے۔ کھڑگے نے ریاستی اور مرکزی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ 18 مہینوں میں منی پور میں امن اور معمول والے حالات بحال کرنے میں مرکزی حکومت و منی پور کی ریاستی حکومت پوری طرح ناکام رہی ہے۔ اب لوگوں کا اعتماد دونوں حکومتوں سے اٹھ گیا ہے۔ حکومتوں سے کوئی مدد نہ ملنے کے سبب 540 دنوں سے زیادہ وقت سے مقامی لوگ خود کو پوری طرح الگ تھلگ اور بے بس پا رہے ہیں۔ درحقیقت انھیں ہندوستانی وزیر اعظم اور ریاستی وزیر اعلیٰ پر اپنی زندگی اور ملکیت کی حفاظت سے متعلق بھروسہ باقی نہیں رہا۔

کھرگے نے صدر مرمو کو یہ بھی یاد دلایا کہ مئی 2023 سے منی پور کے عوام مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، اس کے باوجود وزیر اعظم نے ریاست کا دورہ تک نہیں کیا ہے۔ کھڑگے نے یہ بھی کہا کہ وہ خود اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی گزشتہ 18 ماہ میں 3 مرتبہ منی پور کا دورہ کر چکے ہیں۔ وزیر اعظم کے ذریعہ منی پور کا دورہ کرنے سے انکار کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔


Share: