منگلورو 21/ ستمبر (ایس او نیوز) موروثی جائداد سے متعلقہ تنازعے میں اپنے بھائی کو قتل کرنے والے شخص کو فورتھ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنس کورٹ نے عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔
جسٹس سنیتا ایس جی نے بنٹوال تعلقہ کے کنیانا گاوں کا رہنے والے شخص آئتھیپّا نائکا عرف پتّو نائکا (45 سال) کو اپنے چھوٹے بھائی بالپّا عرف راما نائکا (35 سال) کے قتل کا مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔
اس معاملے کی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ 10 مئی 2022 کو بالپّا نائکا اپنے چچا کے گھر پر پوجا میں شرکت کے لئے گیا ہوا تھا جہاں اس کا بڑا بھائی آئتھپّا بھی قریب ہی میں رہتا تھا ۔ اس موقع آئتھپّا اپنے بھائی کے گھر جا کر اپنی موروثی جائداد میں سے اپنے حصے کے بارے میں بات چیت کرنے لگا تھا گرما گرم بحث ہوئی اور آئتھپّا نے ایک لکڑی کے لٹھے سے بالپّا کے سر اور جسم میں مسلسل ضرب لگائی جس کے نتیجے میں موقع پر ہی بالپّا کی موت واقع ہوگئی ۔
وٹلا پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر ناگ راج نے اس معاملے کی تحقیقات کے بعد عدالت میں چارج شیٹ داخل کی تھی ۔ عدالت میں سماعت کے دوران بالپّا کا پوسٹ مارٹم کرنے والی ڈاکٹر ورشا اے شیٹی اور ایف ایس ایل آفیسر ڈاکٹر گیتا لکشمی نے کلیدی گواہوں کے کردار ادا کیا ۔
جسٹس سنیتا ایس جی نے مجرم کو آئتھپّا کو عمر قید کے علاوہ پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید تین ماہ کی سزا بھگتنی ہوگی ۔ پبلک پراسیکیوٹر ہریش چندرا ادیاور نے استغاثہ کے لئے اس معاملے کی پیروی کی ۔