منگلورو25؍جنوری (ایس او نیوز) مہادائی آبی تنازعے کے پس منظر میں کنڑا حامی رضاکاروں نے جو بند منایاتھا اس سلسلے میں منگلورو میں کچھ دیر کے لئے کنڑارکھشنا ویدیکے اور تُولُورکھشنا ویدیکے کے رضاکاروں کے خون میں زبردست اُبال دیکھنے کو ملا جب منگلورو ریلوے اسٹیشن پر دونوں کے بیچ پرتشدد تصادم ہوتے ہوتے رہ گیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق کنڑا رکھشنا ویدیکے (کے آر وی) رضاکاروں نے بند کی مناسبت سے منگلورو سنٹرل ریلوے اسٹیشن پر ’ریل روکو‘ احتجاج کیا۔ منگلورو کوئمبتورریلوے روٹ پر دھرنا دیا۔پھر جب وہ لوگ اسٹیشن سے باہر نکلے تو تُولُورکھشنا ویدیکے (ٹی آر وی) کے رضاکاروں نے انہیں گھیر لیااور پوچھا کہ جب یتّین ہولے پروجیکٹ (کیرالہ کے ساتھ آبی تنازعہ) کے لئے کی جانے والی جدوجہد میں کنڑا رکھشنا ویدیکے نے تُولورکھشناویدیکے کا ساتھ نہیں دیاتھا اور کے آر وی کے ایک لیڈر نے فیس بک پر تُولُو کمیونٹی کے خلاف ہتک آمیز تبصرہ پوسٹ کیا ہے تو پھر کے آر وی کو تُولُو زبان بولنے والے علاقے میں مہادائی پروجیکٹ کے مسئلے پر احتجاج کرنے کا کیا حق بنتا ہے؟
اس بات کو لے کر دونوں گروہوں میں زبردست گرما گرم بحث ہوئی اورآپس میں مارپیٹ ہونے کے آثار پیدا ہوگئے تھے۔مگر حالات قابو سے باہر ہونے سے پہلے ہی دونوں گروہ ایک دوسرے کی مذمت کرتے ہوئے منتشر ہوگئے۔