کانپور:12/نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)یوپی کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ نے اتوار کو کہا کہ ’’رام للا ہم آئیں گے، مندر وہیں بنائیں گے، لیکن تاریخ راہل گاندھی ہی بتائیں گے‘‘۔ موریہ اتوار کو چندر شیکھر آزاد زرعی اور ٹیکنالوجی یونیورسٹی کیمپس میں منعقد بی جے پی کانپور آئی ٹی محکمہ کے بندیل کھنڈ شعبہ کے علاقائی ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی شعبہ سے وابستہ 80 فیصد سے زیادہ نوجوان بی جے پی کے حق میں ایک نئے انقلاب کے لیے تشکیل دے رہا ہے جو کہ 2019 کی فتح میں اہم کردار نبھائیں گے۔ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیشو پرساد موریہ نے اپوزیشن جماعتوں کو بھی نشانہ بنایا۔ اپوزیشن پارٹیوں کے نوٹ بندی کا مسئلہ اٹھانے پر انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ان دنوں نوٹ بندی کا مسئلہ اچھال کر ملک سے معافی مانگنے کی بات کہہ رہے ہیں۔ کانگریس اور راہل گاندھی کو نشانے پر لیتے ہوئے مضحکہ خیز لہجہ نائب وزیر اعلی نے کہا کہ راہل گاندھی کو اپنے دادا فیروز گاندھی، دادی اندرا گاندھی اور والدراجیو گاندھی کی تاریخ شاید یاد نہ ہو لیکن نوٹ بندی کی تاریخ یاد ہے؛ کیونکہ راہل گاندھی کی چار نسلوں کی کمائی مودی کے ایک’’ فیصلہ‘‘ سے ردی میں بدل گئی تھی۔نوٹ بندی سے ایس پی۔بی ایس پی بھی بے چین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں ہماری لڑائی کانگریس سے رہتی ہے اور صوبہ میں ایس پی۔بی ایس پی سے ہے۔ ایس پی اور بی ایس پی نے ریاست کو 20 سال، جبکہ کانگریس نے ملک کو 100 سال پیچھے کر دیا۔اس لیے ملک اور عوام سے انہیں معافی مانگنی چاہئے۔رام مندر کا مسئلہ چھیڑتے ہوئے کیشو نے جے شری رام کے نعرے لگائے اور رام مندر کا ایک نیا نعرہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’رام للا ہم آئیں گے، مندر وہیں بنائیں گے، لیکن تاریخ راہل گاندھی ہی بتائیں گے‘‘۔ اس سے پہلے کیشو نے آئی ٹی سیکشن کے کارکنوں کو’’ سائبر یودھا ‘‘(سائبر مجاہد ) کا نام دیا اور کہا کہ اس بار لوک سبھا انتخابات میں سوشل میڈیا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہو گا۔ ہم سب کو آج سوشل میڈیا درکار ہے۔ آج اگر ہم لوگ سوشل میڈیا سے منہ موڑ لیں گے تو ہم پیچھے رہ جائیں گے۔