نئی دہلی ، 19؍ نومبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آج کہا کہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی بھارت کی عظیم بیٹی تھیں جنہوں نے ملک کو متحد کیا اور ان قوتوں کے خلاف لڑیں جو لوگوں کو ذات اور مذہب کے نام پر بانٹنے کی کوشش کر رہے تھے۔اس موقعہ پر انہوں نے زور دیکر کہا کہ ہم سبھی ملک کو متحد کرنے کی سمت میں آگے بڑھیں اور سیکولرزم کی حفاظت کریں ۔ اندرا کی 100 ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقد ایک تصویر ی نمائش کے افتتاح کے موقع پر سونیا نے کہا کہ میں نے سنا ہے کہ اندرا جی کو آئرن لیڈی کہا جاتا ہے. لیکن میں ان کے بارے میں یہ کہوں گی کہ ان میں سخاوت اور انسانیت تھی۔ انہوں نے جنگ کی ، لیکن اپنے ذاتی مفاد کے لئے نہیں انہوں نے اپنے اصول کی بازیابی اور احیاء کے لئے لڑیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جنگ غریبوں اور مظلوم کی حمایت میں تھی اور ان کی آواز کو ایک ساتھ ملک کو متحد کرنے کیلئے بلند ہوئی ۔ سابق صدر پرنب مکھرجی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، کانگریس نائب صدر راہل گاندھی اور کانگریس کے کئی سینئر لیڈروں کی موجودگی والے اس پروگرام میں سونیا نے کہا کہ اندرا جی سیکولرازم کی حامی تھیں ان کی جنگ ان قوتوں کے خلاف تھی جو بھارت کے لوگوں کو ذات اور مذہب کے نام پر بانٹنے کی کوشش کر رہے تھے۔ انہوں نے بھارت کے مضبوط جمہوری ڈھانچے اور سیکولر اقدار کو آگے بڑھایا۔سابق وزیر اعظم کی خارجہ پالیسی اور تحفظ کی پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ وہ ایک خود مختار ملک کے طور پر بھارت کے مفادات کے لئے سپر پاور کے تسلط کے خلاف جنگ کی ۔سونیا گاندھی نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کا قیام ان کے اسی موقف کی دلیل ہے ۔ وہ بھارت کو بین الاقوامی سطح پر نئی بلندیوں پر لے گئیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ان کو بہت قریب سے دیکھا ہے۔ وہ ہمیشہ ملک کے بارے میں سوچتی تھیں۔ ہم سب آج اس عظیم ملک کی عظیم بیٹی کو یاد کرنے کے لئے جمع ہوئے ہیں جو خو اپنے آپ میں ایک قابل فخر لمحہ ہے ۔