ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ملک میں مسلسل بڑھ رہی ہے بی جے پی کی طاقت،بی جے پی سرکاراترپردیش میں تمام انتخابی وعدوں کوپوراکرے گی:امت شاہ

ملک میں مسلسل بڑھ رہی ہے بی جے پی کی طاقت،بی جے پی سرکاراترپردیش میں تمام انتخابی وعدوں کوپوراکرے گی:امت شاہ

Sun, 30 Jul 2017 11:51:04    S.O. News Service

لکھنؤ،29؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے آج کہا کہ ملک میں پارٹی کی طاقت مسلسل بڑھ رہی ہے اور اب ہدف ایسی بھارتیہ جنتاپارٹی بنانے کا ہے جس میں کوئی شکست نہ ہو۔امت شاہ نے یہاں تنظیم کے ایک اجلاس میں کہا کہ اتر پردیش میں ایک بگڑا ہوالاء اینڈآرڈرملاہے۔لہٰذاترجیح کی بنیادپرتیزی سے کام کیے جارہے ہیں۔اترپردیش کی حکومت پہلے ہی دن سے عوام کے کام کرنے میں لگی ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ تین ماہ کے اندر اندر کسانوں کی قرض معافی سے لے کر ریکارڈ گندم کی خریداری جیسے وعدے پورے کیے گئے ہیں اورپانچ سالوں کے اندر اندر ریاستی حکومت انتخابی منشورمیں کیے گئے ایک ایک وعدے کوپورا کرے گی۔بی جے پی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق شاہ نے کہا کہ ریاست میں عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے حکومت بنی ہے اور حکومت کے کام اتر پردیش کے عوام کے دروازے دروازے تک پہنچیں گے۔اتر پردیش کے تین دن کے قیام پرآئے بی جے پی صدرنے کہاکہ حکومت اترپردیش کے 22کروڑ لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔گزشتہ پندرہ سالوں کی بدحالی سے پریشان اترپردیش کی عظیم عوام نے بی جے پی کو اسمبلی انتخابات میں زبردست اکثریت دی اوراب اتر پردیش کی حکومت یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں ہر روز عوامی مفاد کے فیصلے لے رہی ہے۔


Share: