نئی دہلی، 30/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر تھاور چند گہلوت نے آج کہا کہ حکومت سبھی معذورین کے لیے ایک ’یونیورسل شناختی کارڈ‘پر کام کر رہی ہے جو تمام ریاستوں میں قابل قبول ہوں گے۔سماجی انصاف اور تفویض اختیار ات کے وزیر نے کہا کہ معذورین کی فلاح و بہبود کے لیے قومی ٹرسٹ کے 10منصوبے چل رہے ہیں جسے گزشتہ سال ترمیم کرنے کے بعد پیش کیا گیا تھا،اب یہ اپنے مختلف منصوبوں کے ذریعے 74ہزار سے زیادہ پی ڈبلیو ڈی تک پہنچ گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت تمام معذورین کے لیے ایک یونیورسل شناختی کارڈ پر کام کر رہی ہے جو تمام ریاستوں میں قابل قبول ہو گا۔تھاورچند گہلوت نے نیشنل ٹرسٹ کے یوم تاسیس پر اس کا موبائل ایپ اور فیس بک پیج کی بھی شروعات کی۔گہلوت نے کہا کہ فالج زد، دماغی کمزوری اور دیگر معذور افراد کی فلاح وبہبود کے لیے نیشنل ٹرسٹ ایکٹ پارلیمنٹ میں 30/دسمبر 1999کو پاس کیا گیا تھا اور یہ معذورین کی فلاح و بہبود کے لیے مکمل عزم کے ساتھ کام کر رہا ہے۔سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے وزیر مملکت رام داس اٹھاولے نے کہا کہ نیشنل ٹرسٹ کا مقصد فالج، دماغی کمزوری اور دیگر معذوری سے متاثر افراد کی فلاح و بہبود کے لیے ایک تعاون نیٹ ورک تیار کرنا ہے۔ایک اور وزیرمملکت کرشن پال گوجر نے کہا کہ حکومت ان افراد کی فلاح و بہبود کے لیے پابندعہد ہے۔