کابل11؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)شمالی افغان شہر مزارِ شریف میں جرمن قونصل خانے پر ایک حملے میں کم از کم چار افراد ہلاک جبکہ ایک سو بیس زخمی ہو گئے ہیں۔طالبان شدت پسندوں نے اس دہشت گردانہ کارروائی کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔افغان حکام نے بتایا ہے کہ انتہاپسند طالبان کی اس کارروائی میں ایک سو بیس سے زائد شہری زخمی ہیں، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔اطلاعات کے مطابق ایک خود کش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی سفارت خانے کی دیوار سے جا ٹکرائی جس کے بعدسلامتی کے اداروں اور حملہ آوروں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا۔ حملہ آوروں کی اصل تعداد ابھی تک واضح نہیں ہوسکی ہے۔ اس حملے کے بعد جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر نے ایک ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔جرمن وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ لڑائی مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔ اس بیان میں مزید بتایا کہ کوئی بھی جرمن شہری اس واقعے میں زخمی نہیں ہوا جبکہ قونصل خانے کے عملے کو کسی نامعلوم محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق دھماکے کے فوری بعد افغان دستوں، جن میں جرمن فوجی بھی شامل تھے، نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر عمارت کو گھیرے میں لے لیا تھا۔ جس کی وجہ سے حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ ابھی تک یہ اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں کہ دہشت گردی کی اس کارروائی میں قونصل خانے کے کتنے مقامی ملازمین ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ قونصل خانے کی عمارت کے باہر اور اس کی حدود میں بھی فائرنگ کی گئی۔ طالبان کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ مغربی دفاعی اتحادنٹیوکی اسی ہفتے تین نومبر کو کی جانے والی اُس فضائی کارروائی کا بدلہ ہے، جس میں تیس سے زائد عام شہری ہلاک ہوئے تھے۔افغان حکام کے مطابق اس فضائی حملے میں کل تینتس افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں سترہ بچے تھے۔ اس واقعے کی تفتیش جاری ہے۔ مزارِ شریف شمالی افغانستان کا سب سے بڑا شہر اور اقتصادی مرکز ہے۔ انتہائی وسیع پیمانے پر موجود جرمن قونصل خانے کے گرد کئی میٹر اونچی حفاظتی دیواریں بھی تعمیر کی گئی ہیں اور انتہائی سخت حفاظتی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔