نئی دہلی، یکم نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )کشمیر میں کئی اسکولوں کو جلانے کے لیے لے کر چتت مرکز نے آج محبوبہ مفتی حکومت سے ایسی کوششوں پر روک لگانے اوروادی میں بدامنی کی وجہ سے110سے بھی زیادہ دنوں سے بند اسکولوں کو پھر کھولنے کی کوشش کرنے کوکہاہے۔وزارت داخلہ نے اپنے ایک خط میں جموں وکشمیر حکومت کو بالخصوص حملے کا شکار اسکولوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور پوری وادی میں تمام تعلیمی اداروں کو پھر کھولنے کے تمام کوشش کرنے کو کہا ہے۔وزارت داخلہ کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ مرکزی حکومت اسکولوں میں آگ لگانے کے واقعات سے پریشان ہے اور اسے ان بچوں کے مستقبل کی بڑی فکر ہے جو ریاست میں طویل عرصے سے جاری بدامنی سے سب سے زیادہ متاثرہیں۔حکام کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعظم کو یہ تشویش ہے کہ طویل عرصے سے تعلیمی اداروں کے بند رہنے سے ہزاروں طلبہ متاثرہورہے ہیں اور وہ محسوس کرتے ہیں کہ اگر اسکول کھلتے ہیں جویہ کشمیر میں معمول کی حالت کی بحالی کی سمت میں ایک بڑاقدم ہوگا۔حال ہی میں وادی کے مختلف حصوں میں کم ازکم26اسکول جلا دیے گئے۔