نئی دہلی :15/نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اقلیتی امورکے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج نئی دہلی کے پرگتی میدان میں ہندوستان کے بین الاقوامی تجارتی میلے میں ہنرہاٹ کا افتتاح کیا، جوکاریگروں اور دستکاروں کوبااختیار بنانے کے لیے ایک معتبربرانڈبن گیاہے۔
ہنرہاٹ کااہتمام14 نومبر سے 27 نومبر 2018 کے دوران کیا جارہا ہے۔پرگتی میدان میں ہنر ہاٹ اس ہنر ہاٹ کے سلسلے کا ایک حصہ ہے، جس کاایک مشن کے تحت ملک کے مختلف حصوں میں انعقاد کیا جارہا ہے۔ تاکہ ماسٹر کاریگروں اور دستکاروں کوروزگار فراہم کرنے کے علاوہ انہیں مارکیٹ تک رسائی فراہم کی جاسکے۔اس موقع پر جناب نقوی نے کہا کہ ہنرہاٹ نے ماسٹر کاریگروں اور دست کاروں کے علاوہ ہنرمندلوگوں کو بااخیتار بنا دیا ہے اور وہ اس کے ذریعے روزگار کا تبادلہ کرنے کے اہل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی خواتین دستکاروں کی ایک بڑی تعداد سمیت ماسٹر دستکاروں سمیت ہنرمند لوگوں اور ماسٹر دستکار ہنر ہاٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے کونے کونے سے ہینڈلوم مصنوعات اس ہنرہاٹ میں نمائش اور بکرے کیلیے دستیاب رہیں گے۔
دستکار ملک کے کونے کونے سے اپنے ساتھ اجرکھ، باگھ پرنٹ،بندھیج، باڑمیراجرکھ ، اپلیق، بدری ویئر، کین اور بانس ، قالین، چندیری، چنیاچولی، چکن کاری، کاپربیل مصنوعات، تانبے کے برتن، چینی مٹی کے برتن، ڈرائی فلاورس، گوٹا پٹی، ہتھ کرگھا، گھر کی تزئین کاری کا سامان جیسی دستکاری اور ہتھ کرگھا کے کام کی مصنوعات کے بہت ہی نایاب نمونے اپنے ساتھ لائے ہیں۔ہنرہاٹ میں جوٹ کرافٹ ، لاکھ اسٹون سے بنی چوڑیاں ، لیکورویئر، لیلن مصنوعات، میٹل ویئر، ملبیری سلک، پیٹھنی سلک، پھولکاری، پنجابی جوتی، زری بیگز وغیرہ بھی دستیاب ہوں گی۔ پہلی مرتبہ پرگتی میدان میں اس ہنرہاٹ میں چنڈی گڑھ کی مصنوعات اور جموں وکشمیر کی نمدا اور چینون سلک بھی دستیاب ہوسکے گی۔
نقوی نے بتایا کہ ہنرہاٹ جیسے مرکزی حکومت کے روزگار سے جڑے پروگراموں نے ان ماسٹر دستکاروں کی مالامال روایتی وراثت کی حوصلہ افزائی کی ہے اور انہیں فروغ دیا ہے، جو کافی لمبے عرصے سے حاشیے پرآگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہنرہاٹ ، میک ان انڈیا، اسٹینڈ اپ انڈیا اور اسٹارٹ اپ انڈیا کے تئیں وزیر اعظم نریندر مودی کے عزم کو پورا کرنے کے لئے ایک قابل بھروسہ برانڈ بن گیا ہے۔گزشتہ ایک سال کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں ہنرہاٹ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ہنرہاٹ ایک لاکھ 50ہزار سے زیادہ دستکاروں اور ان سے جڑے دیگر لوگوں کے لئے روزگار اور بازار کے مواقع فراہم کرانے میں بہت کامیاب رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ٹارگیٹ یہ ہے کہ ہنرہاٹ کے ذریعے تقریباً 5لاکھ لوگوں کو روزگار فراہم کرایا جائے اور انہیں مارکیٹ کے مواقع دستیاب کرائے جائیں۔وزیر موصوف نے کہا کہ ہنرہاٹ نے ماسٹر دستکاروں کی مالا مال روایتی وراثت کی خاطر خواہ حوصلہ افزائی اور اسے فروغ دیا ہے۔ہنرہاٹ ماسٹر کاریگروں اور دستکاروں کو کامیابی کے ساتھ قومی اور بین الاقوامی بازار فراہم کررہا ہے اور انہیں روزگار پر مبنی مارکیٹ کے مواقع بھی دستیاب کرا رہا ہے۔ہنرہاٹ ایک ٹھوس اور نامور برانڈ بن گیا ہے، جہاں ملک بھر کے ماسٹر دستکاروں کے ذریعے بنائے گئے ہینڈی کرافٹ اور ہینڈ لوم ایک ہی چھت کے نیچے دستیاب ہے۔