سری نگر ، 28؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )جموں کشمیر کی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے حکام سے اسمارٹ سٹی تجویز(ایس سی پی )کو اسٹریٹجک منصوبہ بندی کے اصولوں کے مطابق تیار کرنے کو کہا ہے۔محبوبہ نے کل سری نگر شہر کے لیے ایس سی پی اور وزیر اعظم کے ترقیاتی پیکیج کے تحت موسم گرما کے دارالحکومت کے اندر اورآس پاس اردھ رنگ روڈ کی سطح کا جائزہ لینے کے لیے میٹنگ کی جس کا نیشنل کانفرنس کے ممبران اسمبلی نے بائیکاٹ کیا۔انہوں نے کہاکہ ایس سی پی کو علاقے پر مبنی ترقیاتی منصوبہ اور شہر سے متعلق پہلوں کے ساتھ اسٹریٹجک منصوبہ بندی کے اصولوں کے مطابق تیار کیا جانا چاہیے ۔وزیراعلیٰ نے ایس سی پی کی تیاری کا جائزہ لیتے ہوئے زور دے کرکہاکہ تجویز میں وسائل کی رفتار اور بنیادی ڈھانچہ اپ گریڈ کے تناظر میں نقطہ نظر اور منصوبہ ہونا چاہیے ۔کچھ ممبران اسمبلی کی غیر موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پارٹی لائن سے ہٹ کر سری نگر سے تمام ممبران اسمبلی کی موجودگی سے مناسب مشورہ ملتا اور بحث کی اہمیت بڑھتی ۔میٹنگ میں عوامی فلاح و بہبود کے وزیر اے آر ویری، رہائش اور شہری ترقیات کی وزیر مملکت آسیہ نقش، بٹمالو کے رکن اسمبلی نور محمد شیخ، سونوار کے ممبر اسمبلی محمد اشرف میر، ممبر اسمبلی انجم فاضلی ، قانون سازکونسلرخورشید عالم اور چیف سکریٹری بی آر شرما موجود تھے۔