نئی دہلی،29جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جموں وکشمیرکی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے قومی پرچم پر متنازعہ بیان کے بعد ایک بار پھر مرکزی حکومت پر نشانہ لگایا ہے۔اے این آئی کے مطابق انہوں نے کہا کہ میں مرکز سے اپیل کرتی ہوں کہ لاہور اعلان کو دوبارہ شروع کریں جس سے ہم جموں وکشمیرمیں امن سے رہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی راستوں کو بند نہیں کیا جانا چاہئے، اس کے بجائے وہاں سے منشیات کی اسمگلنگ کرنے والوں پر کارروائی کرنی چاہئے۔وزیراعلیٰ مفتی نے خبردار کیا کہ اگر جموں وکشمیرکے لوگوں کو ملے مراعات میں کسی طرح کی تبدیلی کی گئی تو ریاست میں ترنگا کو روکنے والا کوئی نہیں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ بلکہ آپ ان طاقتوں کوکمزور کر رہے ہیں جوہندوستانی ہیں اورہندوستان پر یقین رکھتے ہیں اور انتخابات میں حصہ لیتے ہیں اورجوجموں میں کشمیرمیں احترام کے ساتھ رہنے کے لیے لڑتے ہیں،یہ مسائل میں سے ایک ہے۔سال2014میں ایک این جی اونے رٹ درخواست دائر کرکے آرٹیکل35اے کومنسوخ کرنے کی مانگ کی تھی۔معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے زیرِالتواہے۔