كاس گنج ، 28؍جنوری(ایس او نیوز؍ایجنسی) اترپردیش کے كاس گنج شہر کوتوالی علاقے میں یوم جمہوریہ پر ترنگا یاترا کے دوران دو گروپوں کے درمیان ہوئے تشدد کے بعد شہر میں کشیدگی برقرار ہے اور واقعہ کے تیسرے دن بھی آج صبح فسادیوں نے ایک دکان کو آگ لگا دی ۔ ضلع مجسٹریٹ آر پی سنگھ نے بتایا کہ باقرنیر علاقے میں فسادیوں نے پھول سنگھ کی آٹو کی دکان میں آگ لگا دی۔ اطلاع کے بعد آگ کو بجھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں دفعہ 144 سختی سے لاگو کیا گیا ہے۔ واقعہ کے بعد سے اب تک 50 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔لوگوں سے افواہوں پر توجہ نہ دینے اور امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔افسران صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
كاس گنج میں افواہوں کو روکنے کے لئے انٹرنیٹ سروس کو آج رات تک کے لئے بند کر رکھا ہے. ضلع کی سر حد سیل ہیں اور کسی بیرونی شخص کو شہر میں آنے کی اجازت نہیں ہے. شہر میں کشیدگی اب بھی برقرار ہے. غور طلب ہے کہ یوم جمہوریہ پر کوتوالی علاقے میں ترنگا یاترا کے دوران بلرام گیٹ پرایک خاص فرقہ کے لوگوں میں پتھراؤ اور فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے ایک نوجوان کی موت ہو گئی تھی اور ایک زخمی ہو گیا۔ واقعہ کے بعد دونوں اطراف کے لوگ آمنے سامنے آ گئے تھے۔ اس دوران کچھ سماج دشمن عناصر نے آتش زنی اور توڑ پھوڑ بھی کی تھی۔ کل بھی کئی دکانوں اور بسوں کو آگ لگا دی گئی تھی۔