ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / قطر میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے اقدامات پر غور

قطر میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے اقدامات پر غور

Wed, 07 Jun 2017 15:48:42  SO Admin   S.O. News Service

اسلام آباد،6جون؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے قطر میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازیں چلانے کی تیاری کر رہی ہے۔سعودی عرب سمیت چھ عرب ممالک کی طرف سے قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات اور فضائی رابطے منقطع کرنے کے بعد سیکڑوں پاکستانی دوحا ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق قطر ایئرویز کے ذریعے کئی سو پاکستانی شہری عمرے کی ادائیگی کے لیے براستہ دوحا سعودی عرب جا رہے تھے، لیکن سفارتی تعلقات منقطع ہونے کے بعد سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر اور بحرین سمیت چھ ممالک نے قطر کے ساتھ اپنے تمام زمینی، فضائی اور بحری راستے بند کر دیے ہیں جس کی وجہ سے پاکستانی مسافروں کی ایک بڑی تعداد دوحا میں پھنس گئی۔پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے ترجمان مشہود تاجور نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا ہے کہ مسافروں کے درست اعداد و شمار اکٹھے کیے جا رہے ہیں کہ کتنے پاکستانی مسافر قطر میں موجود ہیں اور اس بارے میں بھی مشاورت جاری ہے کہ اُنھیں سعودی عرب پہنچایا جائے یا براہ راست وطن واپس لایا جائے۔

پی آئی اے اس بارے میں قطر کے مقامی حکام کے علاوہ دوحا میں پاکستانی سفارت خانے سے بھی رابطے میں ہے۔سعودی عرب اور دیگر پانچ ممالک کی طرف سے قطر پر دہشت گردی کی معاونت کے الزامات لگائے گئے ہیں، جس کی قطر نے تردید کی ہے۔سعودی عرب اور دیگر عرب ملکوں کی طرف سے قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کیے جانے کے بارے میں تاحال پاکستان کی طرف سے کسی باضابطہ ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا ہے۔پاکستان کے سعودی عرب اور قطر دونوں ہی سے قریبی تعلقات ہیں۔
 


Share: