نیویارک،31مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق مشیر قومی سلامتی مائیکل فلین نے صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کی تحقیقات کرنے والی سینیٹ انٹیلی جنس کمیٹی کو دستاویزات مہیا کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔اس سے قبل فلین کمیٹی کو طلب کردہ معلومات فراہم کرنے سے انکار کر چکے ہیں ان کے وکیل کا موقف رہا ہے کہ جن معلومات کا تقاضا کیا گیا ہے کہ وہ بہت زیادہ ہیں۔کمیٹی نے اس کو محدود کر دیا تھا اور اب توقع ہے کہ آئندہ ہفتے فلین کچھ ایسی ذاتی دستاویزات بھی فراہم کریں گے جو ان کے دوطرفہ معاملات سے متعلق ہیں۔ایوان نمائندگان کی انٹیلی جنس کمیٹی بھی اپنے طور پر اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور منگل کو ٹرمپ کے ذاتی وکیل مائیکل کوہن نے معلومات فراہم کرنے کی ایک درخواست کو خراب طریقے سے تیار کی گئی حد سے زیادہ معلومات فراہم کرنے کی درخواست قرار دیتے ہوئے رد کر دیا تھا۔
امریکی محکمہ انصاف نے ایف آئی اے کے سابق ڈائریکٹر رابرٹ میولر کو ایک اور تحقیقات میں خصوصی وکیل مقرر کیا ہے جس میں یہ معلوم کرنا بھی شامل ہے آیا ٹرمپ کی انتخابی مہم کے کارکنان روس کے ساتھ مل کر کام تو نہیں کرتے رہے۔ٹرمپ ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں اور امریکی انٹیلی جنس اداروں کی اس تشخیص کو بھی رد کر چکے ہیں کہ روس کے صدر ولادیمر پوتن نے امریکی صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی فتح کی راہ ہموار کرنے کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کیا۔ماسکو بھی ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔